Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرندوں کے ساتھ یادگار لمحات، الہدا کے برڈ پارکس کی مقبولیت میں اضافہ

طائف کے علاقے الہدا میں پرندوں کے پارک، گرمیوں کے موسم میں پُرسکون ماحول میں تفریح کی گُو ناگوُں دلچپسیوں اور تعلیمی سرگرمیوں کی وجہ سے لوگوں کو اپنی طرف مائل کر رہے ہیں۔ لوگ اِن پرندوں کو قریب سے دیکھ بھی سکتے ہیں اور مختلف انواع کے پنچھیوں کے بارے میں معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ان پارکس میں مقامی اور بین الاقوامی پرندوں کی طرح طرح کی اقسام موجود ہیں۔ پرندوں کے لیے اِس پارک میں اُن کے قدرتی ٹھکانوں کے طرز پر خصوصی گھونسلے اور اُن کے رہنے کی جگہیں بنائی گئی ہیں۔
پارک میں آنے والے، مختلف طرح کے مشاغل سے حظ اٹھا سکتے ہیں جن میں سیر و تفریح کی سہولتوں، پرندوں کو دیکھنا اور اُن کی تصاویر بنانا، انھیں دانہ دُنکا ڈالنا اور دیواروں پر آویزاں معلوماتی بورڈز کے ذریعے اُن کی خصوصیات سے واقفیت حاصل کرنا شامل ہے۔
الہدا کا پہاڑی سلسلہ اور اس سے مُلحِق دلکش مناظر، معتدل آب و ہوا اور سرسبز و شاداب مقامات کی وجہ سے نہ صرف علاقے کے رہائشی بلکہ سیاح بھی کافی تعداد میں اِن پارکس کا رُخ کرتے ہیں جہاں تفریحی مشاغل اور جنگلی حیات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے مواقع ایک جگہ جمع ہو جاتے ہیں۔

پرندوں کے شوقین افراد کا کہنا ہے کہ یہ پارکس طائف میں لوگوں کے لیے سیر و تفریح کی پسندیدہ جگہیں بن گئی ہیں جہاں آنے والے، موزوں اور محفوظ ماحول میں پرندوں کے قریب بھی جا سکتے ہیں، اُنھیں ہاتھوں پر بٹھا سکتے ہیں، دانہ کھلاسکتے ہیں اور پرندوں کے مختص مقام کے اندر رہتے ہوئے، اِن پرندوں کو لے کر گھوم پِھر سکتے ہیں۔

پرندوں میں دلچسپی رکھنے والے کہتے ہیں کہ اِن انواع میں پایا جانے والے تنوع، پارکس میں مختلف طرح کی سرگرمیوں کی دستیابی اور اِن پارکس کا الہدا میں ہونا، سب مل کر سیاحوں کی تعداد میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں جس سے ماحولیاتی سیاحت بڑھ رہی ہے اور لوگوں کے آرام و تفریح اور دل بہلانے کے لیے طرح طرح کی دلچپسیوں کا سامان موجود ہے۔

شیئر: