سعودی وزارتِ خارجہ کی پائپ لائن پر حملے کی مذمت
ڈرونز حملے کے نتیجے میں بعض افراد زخمی بھی ہوئے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی وزارتِ خارجہ نے عراق سے آنے والے متعدد ڈرونز کے ذریعے مشرقی، مغربی پائپ لائن کو ریاض اور مدینہ منورہ کے علاقوں میں نشانہ بنائے جانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق وزارت کی جانب سے جمعہ کی شب جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے کے نتیجے میں بعض افراد زخمی ہوئے جبکہ کچھ املاک کا نقصان بھی ہوا جن کی بحالی کا کام جاری ہے۔
وزارتِ خارجہ نے بیان میں کہا کہ عراقی وزیر اعظم کی درخواست پر سعودی عرب نے فی الحال جوابی کارروائی نہ کرنے اور عراقی حکومت کو اپنی سرزمین سے سعودی عرب اور پڑوسی ممالک کے خلاف حملے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ سعودی عرب اپنی خودمختاری، سلامتی، تنصیبات، شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔