جی سی سی اور عرب پارلیمنٹ کی سعودی عرب پر حملوں کی مذمت
عرب پارلیمنٹ نے مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور عرب پارلیمنٹ نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کو نشانہ بنائے جانے والے حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا کہ ’حوثی ملیشیا کی جانب سے مسلسل بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو ان کے دہشتگردانہ طرزعمل کا واضح عکاس ہے۔‘
انہوں نے کہا ’حوثیوں کی جانب سے حملوں کا تسلسل بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی، سعودی عرب کی سلامتی و استحکام، اس کے شہریوں اورمقیمین کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔‘
عرب پارلیمنٹ نے بھی سعودی عرب کے شہروں خمیس مشیط، ابھا اور طائف پر حوثی ملیشیا کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز حملوں کی شدید مذمت کی۔
پارلیمنٹ کے صدر محمد احمد الیماحی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ’یہ حملے عالمی قوانین، بین الاقوامی انسانی قانون، اقوم متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔‘
انہوں نے عرب پارلیمنٹ کی جانب سے مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی، مملکت کی خود مختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل سپورٹ کا اعادہ کیا۔
عرب پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے حملوں کے تسلسل کو روکنے کے لیے سخت موقف اختیار کرے۔
اس کے ساتھ ان کے مرتکب افراد اور ان کے معاونین کے احتساب کو یقینی بنائے تاکہ خطے کے امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔
