بالی وُڈ میں پہلی فلم سے راتوں رات ’نیشنل کرش‘ بننے والی اداکارہ نے فلمی دنیا کو کیوں خیرباد کہہ دیا؟
سندلی سنہا نے سنہ 2005 میں اپنی بالی وڈ ڈیبیو کے تقریباً تین سال بعد کرن سالاسکر سے شادی کی تھی (فوٹو: ٹی سیریز، یوٹیوب)
بالی وُڈ کی مشہور زمانہ فلم ’تم بن‘ سے راتوں رات شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ سندلی سنہا نے فلمی دنیا میں مختصر عرصہ گزارنے کے بعد اداکاری کو خیرباد کہہ دیا اور شوہر کے ساتھ کاروباری دنیا میں قدم رکھا۔
’انڈین میڈیا کے مطابق سندلی سنہا نے سنہ 2001 میں فلم ’تم بن‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ فلم کی ریلیز کے بعد وہ خاص طور پر نوجوانوں میں بے حد مقبول ہوئیں اور اپنے دور کی ’نیشنل کرش‘ سمجھی جانے لگیں تھیں۔
فلم کے گانے ’تم بن جیا جائے کیسے‘ کی مقبولیت نے بھی ان کی شہرت میں اہم کردار ادا کیا۔ یہاں تک کہ کلاسیکل موسیقی کے شوقین افراد میں اب بھی ’تم بن جیا جائے کیسے‘ مقبول ہے۔
رپورٹس کے مطابق سندلی سنہا کا تعلق انڈیا کی ریاست بہار سے ہے۔ والد کے انتقال کے بعد وہ اپنی والدہ اور بہن کے ہمراہ دہلی منتقل ہوگئیں تھیں جہاں انہیں اداکاری میں دلچسپی پیدا ہوئی۔ بعد ازاں بہتر مواقع کی تلاش میں ممبئی کا رخ کیا۔
سندلی سنہا نے اپنے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور بعد ازاں مختصر فلموں اور اشتہارات میں بھی کام کیا۔ سنہ 1997 میں ٹی وی ڈراما ’تنہا‘ سے اداکاری کا آغاز کیا، جبکہ سونو نگم کے البم ’دیوانہ‘ کے گانے ’کون ہے وہ لڑکی‘ کی میوزک ویڈیو نے انہیں نمایاں شناخت دی۔
’تم بن‘ کے بعد انہیں بڑے کردار حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ انہوں نے ’اوم‘، ’پنجر‘ اور ’اب تمہارے حوالے وطن ساتھیو‘ سمیت چند فلموں میں کام کیا۔ سنہ 2005 میں انہوں نے تیلگو فلم ’اوری پانڈو‘ کے ذریعے ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری میں بھی قدم رکھا، تاہم فلمیں باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکیں۔
شادی کے بعد فلمی دنیا سے دوری
سندلی سنہا نے سنہ 2005 میں اپنی بالی وڈ ڈیبیو کے تقریباً تین سال بعد کرن سالاسکر سے شادی کرلی۔ سنہ 2021 میں ’ایچ ٹی سٹی‘ کو دیے گئے ایک پرانے انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ شادی کے بعد انہوں نے خاندان کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا اور ان کی زندگی اسی طرح آگے بڑھتی گئی۔
شادی کے بعد سندلی سنہا نے فلمی دنیا سے فاصلہ اختیار کیا اور اپنی خاندانی زندگی پر توجہ مرکوز کی۔ اس وقت وہ وہ دو بچوں کی ماں ہیں۔
شوہر کے ساتھ کاروباری سفر
فلموں سے دوری کے بعد سندلی سنہا نے اپنے شوہر کرن سالاسکر کے ساتھ مل کر کاروبار میں بھی کردار ادا کیا۔ دونوں نے ممبئی میں ڈیزرٹ برینڈ ’کنٹری آف اوریجن‘ قائم کیا، جو ایک آرٹیزنل بیکری اور پیسٹری برینڈ کے طور پر کام کرتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس برینڈ کے ممبئی کے مختلف پوش علاقوں میں تین آؤٹ لیٹس ہیں۔ کرن سالاسکر دیگر ہاسپیٹیلٹی اور فوڈ اینڈ بیوریج کاروباروں کے شریک بانی بھی ہیں۔
کچھ رپورٹس میں کرن سالاسکر کی مجموعی دولت تقریباً 150 کروڑ روپے بتائی گئی ہے تاہم اس مالیت کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
یوں بالی وڈ میں ’تم بن‘ کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی سندلی سنہا نے اداکاری کے بجائے خاندان اور کاروبار کو اپنی ترجیح بنایا اور شوہر کے ساتھ مل کر ایک کامیاب کاروباری سفر کا آغاز کیا۔