کینیڈا کی مستقل رہائش کے لیے دو ہزار غیرملکی ہنرمند ورکرز سے درخواستیں طلب
کینیڈا کی مستقل رہائش کے لیے دو ہزار غیرملکی ہنرمند ورکرز سے درخواستیں طلب
بدھ 16 ستمبر 2026 19:03
دعوت نامہ ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ امیدوار خودکار طور پر کینیڈا کا مستقل رہائشی بن جائے گا (فوٹو: ڈیلی ہائیو)
کینیڈا نے مزید دو ہزار غیر ملکی کارکنوں کو مستقل رہائش کے لیے درخواست دینے کی دعوت دی ہے۔ یہ اقدام وفاقی حکومت کے اُس منصوبے کے تحت تازہ ترین پیش رفت ہے جس کے ذریعے دسیوں ہزار عارضی کارکنوں کو مستقل رہائشی کا درجہ دینے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔
کینیڈین حکومت نے رواں برس مارچ میں اعلان کیا تھا کہ وہ ایک ایسا اقدام محدود پیمانے پر شروع کر رہی ہے جس کے ذریعے سال 2026 اور 2027 میں 33 ہزار تک ہنرمند عارضی غیر ملکی کارکنوں کو مستقل رہائش حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا (آئی آر سی سی) کے ترجمان میتھیو کروپوچ نے ڈیلی ہائیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس اقدام میں ایسے افراد کو ہدف بنایا جائے گا جو پہلے ہی کینیڈا کی معیشت میں مختلف شعبوں اور بالخصوص اُن شعبوں میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جہاں افرادی قوت کی طلب زیادہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ان میں دیہی علاقے اور وہ شعبے بھی شامل ہیں جہاں افرادی قوت کی کمی پائی جاتی ہے۔ اس اقدام سے اِن افراد کے اپنی برادریوں کے ساتھ مضبوط روابط اور کینیڈا کی معیشت میں ان کی خدمات کو تسلیم کیا گیا ہے۔‘
آج آئی آر سی سی نے ایکسپریس انٹری نظام کے ذریعے مستقل رہائش کے لیے درخواست دینے کی دعوت دینے کا ایک اور مرحلہ مکمل کیا۔
محکمے نے کینیڈین ایکسپیرینس کلاس کے تحت ہونے والی قرعہ اندازی میں 2 ہزار امیدواروں کو دعوت نامے جاری کیے۔ یہ پروگرام ایسے ہنرمند کارکنوں کے لیے ہے جنہیں کینیڈا میں کام کرنے کا تجربہ حاصل ہے اور وہ مستقل رہائشی حیثیت چاہتے ہیں۔
قرعہ اندازی میں ان امیدواروں کو شامل کیا گیا جنہوں نے جامع درجہ بندی نظام (سی آر ایس) میں کم از کم 519 پوائنٹس حاصل کیے ہوں اور 26 مارچ 2026 کو رات 12 بج کر 16 منٹ (یو ٹی سی) سے پہلے ایکسپریس انٹری کے لیے امیدوار کا پروفائل بنایا ہو۔
رواں سال اب تک آئی آر سی سی مختلف اقسام کی ایکسپریس انٹری قرعہ اندازیوں کے ذریعے 128,732 دعوت نامے جاری کر چکا ہے۔ ان میں فرانسیسی زبان پر عبور رکھنے والے افراد، صحت کی دیکھ بھال اور سماجی خدمات کے شعبوں سے وابستہ کارکنوں اور صوبائی نامزدگی پروگرام کے امیدواروں کے لیے ہونے والی قرعہ اندازیاں بھی شامل ہیں۔
دعوت نامہ ملنے کے بعد کیا کرنا ضروری ہے؟
دعوت نامہ ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ امیدوار خودکار طور پر کینیڈا کا مستقل رہائشی بن جاتا ہے۔ یہ دعوت نامہ اس کی بجائے امیدوار کو مستقل رہائش کے لیے مکمل درخواست جمع کروانے کی اجازت دیتا ہے۔
آئی آر سی سی کے مطابق جن افراد کو دعوت نامہ موصول ہوا ہے، انہیں اپنی درخواست آن لائن مکمل کرنے کے لیے 60 دن دیے گئے ہیں۔ انہیں مطلوبہ دستاویزات جمع کروانے، متعلقہ فیس ادا کرنے اور زیادہ تر صورتوں میں بائیومیٹرک، یعنی انگلیوں کے نشانات اور تصویر بھی جمع کروانی ہوگی۔
اُن شعبوں میں کام کرنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی جہاں افرادی قوت کی طلب زیادہ ہے (فوٹو: امیگریشن کینیڈا)
اس عمل میں اخراجات بھی شامل ہیں۔ ایکسپریس انٹری کے درخواست گزار کے لیے موجودہ فیس مجموعی طور پر 1590 کینیڈین ڈالر فی امیدوار ہے، جبکہ ہر زیرِ کفالت بچے کے لیے 270 کینیڈین ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔
آئی آر سی سی درخواست جمع ہونے کے بعد امیدوار کی دستاویزات کا جائزہ لے گا اور فیصلہ کرے گا کہ آیا وہ مستقل رہائش کے تقاضے پورے کرتا ہے یا نہیں۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں امیدوار باضابطہ طور پر کینیڈا کا مستقل رہائشی بن جائے گا۔
تازہ ترین قرعہ اندازی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وفاقی حکومت کینیڈا میں عارضی رہائشیوں کی تعداد کم کرنے کے ساتھ ساتھ مستقل امیگریشن کو اپنی نظر میں پائیدار سطح پر برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
سال 2026 سے سال 2028 کے امیگریشن پلان کا ہدف یہ ہے کہ مستقل رہائشیوں کی کینیڈا آمد ملکی آبادی کے ایک فیصد سے کم رکھی جائے، جبکہ سال 2027 کے اختتام تک عارضی رہائشیوں کی تعداد کو کینیڈا کی مجموعی آبادی کے پانچ فیصد سے کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔