امید ہے کہ ایران جنگ خاتمے کے قریب پہنچ چکی ہے: صدر ڈونلڈ ٹرمپ
امید ہے کہ ایران جنگ خاتمے کے قریب پہنچ چکی ہے: صدر ڈونلڈ ٹرمپ
جمعرات 17 ستمبر 2026 9:39
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران جنگ جلد ختم ہونے والی ہے جبکہ خلیجی ممالک کے رہنماؤں سے ان کی ملاقات میں بھی اس معاملے پر گفتگو متوقع ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے بدھ کو شام صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ’امید ہے کہ ہم جنگ کے خاتمے کے قریب ہیں۔‘
ایران جنگ ساتویں مہینے میں داخل ہو چکی ہے اور فوری طور پر اس کے خاتمے کے آثار بھی دکھائی نہیں دے رہے۔
ویب سائٹ ایکسیوس نے بدھ کی رات رپورٹ کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر خلیجی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے جس میں ایران جنگ کے حوالے سے بات چیت متوقع ہے۔
رپورٹ میں نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور عمان کے رہنماؤں یا وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ اور وائٹ ہاؤس نے اس بارے میں موقف جاننے کے لیے بھجوائی گئی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔
صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں ایران کا حوالہ دیتے کہا کہ ’وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، دیکھتے ہیں کہ یہ معاملہ کیسے آگے بڑھتا ہے۔‘
انہوں نے اپنے پچھلے بیان کو ایک بار پھر دوہراتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے ان کو ’براہ راست‘ پیغام ملا ہے، تاہم اس بارے میں مزید تفصیل نہیں بتائی۔
امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق صدر ٹرمپ منگل کو جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر خلیجی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے شروع ہونے والی جنگ کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے بیانات بدلتے رہے ہیں اور اس کے مقاصد اور مدت کے بارے میں بھی مختلف بیانات دیتے رہے ہیں۔
تہران کی جانب سے حملوں کے جواب میں اسرائیل اور امریکی فوجی اڈے رکھنے والے خلیجی ممالک پر حملے کیے گئے۔ ایران پر حملوں اور لبنان پر اسرائیلی بمباری سے ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس جنگ کے مقاصد میں ایران کی جوہری صلاحیتوں کو کمزور کرنے کا نکتہ بھی شامل ہے۔
دوسری جانب ایران جوہری ہتھیاروں کی موجودگی سے انکار کرتا ہے اور اس کے حکام کا کہنا ہے اور یورینیم کی افزودگی پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
ایران جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر توانائی کی مارکیٹ بری طرح متاثر ہوئی ہے کیونکہ تیل اور گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہی بات نومبر کے دوران امریکہ میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل صدر ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن کے ایک اہم مسئلہ بن گئی ہے۔