Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحت مندانہ طرزِ زندگی: جازان کے مختلف علاقوں میں 234 واکنگ ٹریکس

تعطیلات کے دوران ان ٹریکس پر لوگوں کی  بڑی تعداد دیکھی جاتی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن میں موجود واکنگ ٹریکس شہریوں میں صحت مندانہ طرزِ زندگی اور کھیلوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق جدید سہولتوں سے آراستہ ان واکنگ ٹریکس پر مختلف عمر کے لوگ بڑی تعداد میں یومیہ بنیادوں پر آتے ہیں۔
جازان میونسپلٹی کی جانب سے مختلف شہروں، کمشنریوں اور علاقوں میں 234 واکنگ ٹریکس تعمیر کیے گئے ہیں، جن کی مجموعی لمبائی 215 کلو میٹر کے قریب ہے۔
یہ منصوبہ کھیلوں اور تفریحی بنیادی ڈھانچے کی بہتری، جسمانی سرگرمیوں کے لیے سہولتوں میں اضافے اور شہریوں کو رہائشی علاقوں، ساحلی مقامات اور پارکوں کے قریب ورزش کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔
واکنگ ٹریکس کو جامع انداز میں بنایا گیا ہے۔ جاگنگ اور سائیکلنگ کے لیے علیحدہ ٹریکس ہیں جبکہ جگہ جگہ سیٹنگ ایریا بنائے گئے ہیں، روشنی کا بہترین انتظام ہے۔ ٹریکس کے بارے میں رہنمائی بورڈز کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران صبح اور شام کے اوقات میں ان ٹریکس پر لوگوں کی  بڑی تعداد دیکھی جاتی ہے، جو صحت اور ورزش کے حوالے سے بڑھتے ہوئے عوامی رجحان کی علامت ہے۔
واکنگ ٹریک پر آنے والے افراد نے کہا کہ ’حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے یہ بہترین اقدام ہے، ٹریکس پر تمام سہولتوں اور محفوظ ماحول کی فراہمی قابل تعریف ہے۔‘

خیال رہے واکنگ ٹریکس ریجن میں سپورٹس انفرا سٹرکچر میں ہونے والی ترقی کی عکاسی کرتے ہیں۔
ان کا مقصد شہریوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا، معیار زندگی بہتر بنانا اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق معاشرے میں کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

 

شیئر: