سعودی وزارت ثقافت نے 10 سٹیوی ایوارڈز جیت لیے
وزارت نے دو سلور سٹیوی ایوارڈز بھی حاصل کیے (فوٹو: ایس پی اے)
وزارتِ ثقافت نے ثقافتی شعبے میں جدت اور پائیداری کے شعبوں میں نافذ کردہ متعدد منصوبوں کے اعتراف میں 10 سٹیوی ایوارڈز جیت لیے ہیں جو ورک پلیس انوویشن کے لیے خطے کے اہم ترین اعزازات میں شمار ہوتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ان ایوارڈز میں دو گولڈ سٹیوی ایوارڈز شامل ہیں جن میں ایک ایک انوویشن ان بزنس انفارمیشن ایپس کے زمرے میں کلچرل سکلز کمپیٹیشن پروجیکٹ کے لیے اور دوسرا سٹریٹیجک انوویشن ان گورنمنٹ پبلیکیشنز کے زمرے میں کلچر اینڈ آرٹس ان دی اربن لینڈ سکیپ گائیڈ کے لیے دیا گیا۔
وزارت نے دو سلور سٹیوی ایوارڈز بھی حاصل کیے جن میں ایک انوویشن ان بزنس انفارمیشن ایپس کے زمرے میں کلچر انکیوبیٹر پروجیکٹ کے لیے اور دوسرا آرگنائزیشنل انوویشن کے زمرے میں سپورٹ فار پروگرام اینڈ ایکٹیویٹی امپلی منٹیشن پروجیکٹ کے سلسلے کے ایوارڈ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حال ہی میں نافذ کیے گئے مختلف ثقافتی منصوبوں اور پروگراموں کے لیے چھ برونز سٹیوی ایوارڈز بھی حاصل کیے گئے ہیں۔
2022 میں شروع کیے جانے والے سٹیوی ایوارڈز تنظیمی عمدگی کو تسلیم کرنے، کامیابی کے کلچر کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں بہترین طریقوں کو سامنے لانے کے لیے نمایاں ترین اعزازات میں شامل ہیں۔
وزارتِ ثقافت کی یہ کامیابی جدید اور ڈیٹا پر مبنی آپریٹنگ ماڈلز کو اپنانے، آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے اور قومی صلاحیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے اس کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
