Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی آرٹسٹ دانا عورتانی ٹائم 100 آرٹ کی بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل

دانا عورتانی کے فن پاروں کو وینس بینالی میں بھی رکھا گیا تھا (فوٹو: ویژوئل آرٹس کمیشن)
سعودی آرٹسٹ دانا عورتانی کو پہلی بار جاری ہونے والی ’ٹائم 100 آرٹ: 2026 میں فن کی دنیا کی سب سے بااثر شخصیات‘ کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس فہرست میں دنیا بھر کے فنکاروں، آرٹ کلیکٹرز اور آرٹ انڈسٹری کے رہنماؤں کو جگہ دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دانا عورتانی کے ساتھ اس فہرست میں بینکسی، کاوز اور ٹریسی ایمن جیسے معروف فنکار بھی شامل ہیں۔
ٹائم کی ویب سائٹ پر عورتانی کے تعارف پر مبنی مضمون صحافی سارہ کاسکون نے تحریر کیا جس میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’کیا فن شفا یابی کے لیے ایک خاکہ پیش کر سکتا ہے؟ یہ دلیل 39 سالہ دانا عورتانی اپنے فن کے ذریعے پیش کرتی ہیں۔
سعودی فنکارہ سِلک کے کپڑے سے منفرد فن پارے بناتی ہیں جسے وہ پھاڑنے کے بعد دوبارہ سیتی اور جوڑتی ہیں۔
وہ قدیم دستکاری کے ہنرمندوں کے ساتھ مل کر ایسے فن پارے بھی تیار کرتی ہیں جو تنازعات کے باعث تباہ ہونے والی جگہوں کی یادگار کا درجہ رکھتی ہیں۔
دانا عورتانی نے جمعرات کو انسٹاگرام پر لکھا کہ ’ٹائم 100 آرٹ 2026 کی پہلی فہرست میں شامل ہونا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔جس میں فن اور ہماری دنیا کے مستقبل کو تشکیل دینے والی شخصیات کو جگہ دی گئی ہے۔‘

اس فہرست میں فنکاروں کے علاوہ میوزیم ڈائریکٹرز، کیوریٹرز، آرٹ کے شعبے سے وابستہ وکلا، آرٹ ڈیلرز اور دیگر ماہرین بھی شامل ہیں۔
فہرست میں امریکی مصورہ ایمی شیراڈ بھی شامل ہیں جن کے فن میں سیاہ فام شناخت اور نمائندگی جیسے موضوعات نمایاں ہیں۔
فوٹوگرافر ٹائلر مچل نے ٹائم میگزین کے سرورق کے لیے ان کی تصویر بھی بنائی۔
فہرست میں برطانوی سٹریٹ آرٹسٹ بینکسی، فرانسیسی فنکار جے آر اور امریکی فنکار کاوز بھی شامل ہیں۔

سعودی فنکارہ سِلک کے کپڑے سے منفرد فن پارے بناتی ہیں (فوٹو: عبداللہ الشھری)

اس کے علاوہ معاصر فن کے نمایاں ناموں میں رفیک انادول، سیمون لی اور ایل اناتسوئی بھی فہرست کا حصہ ہیں۔
فنکاروں کے علاوہ اس فہرست میں فنونِ لطیفہ کے فروغ میں کردار ادا کرنے والے دیگر افراد کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ ان میں آرٹ کلیکٹر ایلیشیا کیز اور سوئز بیٹز، آرٹ ڈیلر ڈیوڈ زوِرنر اور میوزیم ڈائریکٹر میکس ہولین شامل ہیں۔
ٹائم کے چیف ایڈیٹر سام جیکبز نے لکھا کہ گزشتہ چند ماہ سے میریل فابری کی قیادت میں ایسی شخصیات کی تلاش کی جا رہی تھی جو فن کی دنیا کی سمت متعین کر رہی ہیں اور اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

شیئر: