اسلام آباد کو بند کرنے اور احتجاج کے نام پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی: محسن نقوی
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ’اسلام آباد کو بند کرنے اور احتجاج کے نام پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اسلام آباد میں احتجاج سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام سکیورٹی و متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، جبکہ فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔‘
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’سوشل میڈیا پر مخصوص مقامات کے حوالے سے مختلف باتیں کی جا رہی ہیں، تاہم احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن شہریوں کے راستے بند کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ ’اسلام آباد میں کسی بھی جگہ راستے بند کرنا یا شہریوں کو روکنا قابل قبول نہیں۔ احتجاج کرنا ہے تو کریں، لیکن لوگوں کے راستے بند نہ کریں۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’کسی بھی طریقے سے شاہراہیں بند کرنے اور شہریوں کو مشکلات میں ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
