Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان میں خزاں کے رنگوں سے سجے دلکش مناظر

جازان دہائیوں سے زرعی پیداوار کے تنوع کے حوالے سے مشہور ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
موسمِ خزاں میں بارشیں اور گہری دھند جازان ریجن کے پہاڑی علاقوں کا منظر ہی بدل دیتی ہیں۔ یہاں صبح کے مناظر فطری حسن سے روشن اور دلکش نظر آتے ہیں۔
ایس پی کے مطابق بارش کے بعد ڈھلوانیں اور سیڑھی دار کھیت سبزے کی چادر اوڑھ لیتے ہیں جبکہ وادیوں میں ندیاں بارش کے پانی سے بھر جاتی ہیں جس سے پورا علاقہ مزید حسین اور دل فریب منظر پیش کرتا ہے۔
صبح کی اولین کرن نمودار ہوتے ہی بادلوں اور دھند میں لپٹی پہاڑی چوٹیوں پر زندگی کی رمق اجاگر ہونے لگتی ہے جسے دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شب بھر خوابیدہ نظارے کروٹ لے کر بیدار ہوگئے ہوں۔
خزاں کے موسم کے خوشگوار مناظر جازان کی وادیوں اور پہاڑوں پر موجود درخت بارش کے شفاف پانی میں دھلنے کے بعد نکھر جاتے ہیں جو الگ ہی دل فریب منظر پیش کرتے ہیں۔
سبزہ زاروں سے ڈھکے پہاڑ، ڈھلوانوں پر بنی زرعی سیڑھیاں اور دھند میں ڈوبے بل کھاتے راستے جب بارش کے پانی سے اٹھتی چمک کے ساتھ جلوہ گر ہوتے ہیں تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ منظر زمین کو نئے دن کے آغاز پر خوش آمدید کہہ رہا ہو۔

موسمِ خزاں کی صبح دور سے دکھائی دینے والے پہاڑ مزید سرسبز ہو جاتے ہیں جبکہ پہاڑی ڈھلوان کے سبزہ زار رنگوں کا حسین امتزاج پیش کرتے ہیں۔
فیفا سے الدائر، العیدابی، الریث، العارضہ اور حاروب تک خزاں کے رنگوں سے سجی ایک متنوع تصویر ابھرتی ہے، گویا بادلوں کو چھوتی پہاڑی چوٹیاں، ڈھلوانوں پر آباد بستیاں، پہاڑی جغرافیے سے جڑے ہوئے کھیت اور بارش کے پانی کو اپنے قدرتی راستوں میں سمیٹتی وادیاں سب مل کر جازان کے منفرد ماحولیاتی تنوع کی عکاسی کرتے ہیں۔
جازان ریجن دہائیوں سے اپنی زرعی پیداوار کے تنوع کے حوالے سے مشہور ہے جن میں بارانی فصلیں، کافی، انواع و اقسام کے پھل اور خوشبو دار پودے و متعدد فصلیں شامل ہیں۔

علاقے میں جوں جوں سورج بلند ہوتا ہے، بادل اور دھند بھی بتدریح چھٹنے لگتے ہیں۔ دیہی علاقوں اور پہاڑی ڈھلوانوں کی جزئیات و تفصیلات نمایاں ہونے لگتی ہیں۔
تاہم بارش کے آثار بدستور موجود رہتے ہیں، درختوں کے چمکتے پتے، نم مٹی اور چٹانوں کے درمیان بہتے پانی میں خزاں کی بارش اپنی موجودگی کا احساس دلاتی ہے۔
گویا یہ ایک ہی منظر میں جازان، بارش، زمین اور انسان کے باہمی تعلق کی کہانی بیان کر رہا ہو۔

جازان میں خزاں کا موسم قدرت کے حسن کی صناعی کا موسم ہے۔ اس دوران زمین ایک بار پھر اپنے رنگوں میں ڈھل جاتی ہے اور بارش ایسے جیتے جاگتے مناظر تخلیق کرتی ہے جن میں علاقے کی قدرتی خوبصورتی اور ماحولیاتی تنوع یکجا دکھائی دیتے ہیں۔

 

شیئر: