امریکی پابندیاں، ایرانی ایئرلائنز نے بین الاقوامی پروازیں معطل کر دیں
جمعرات 24 ستمبر 2026 16:16
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ یہ اقدامات تہران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے ایران کے فضائی شعبے پر پابندیاں سخت کر دی ہیں جس کے بعد ایرانی ایئرلائنز نے کچھ بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جارجیا اور آذربائیجان نے پروازیں معطل کر دیں، جبکہ بغداد، مسقط، قطر اور متحدہ عرب امارات کے راستے بھی متاثر ہوئے۔
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ یہ اقدامات تہران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پابندیاں صرف ایران کی امریکی دباؤ کے خلاف مزاحمت کو مزید مضبوط کریں گی۔
ایران نے پڑوسی ممالک کو پابندیوں پر عمل کرنے کے خلاف خبردار کیا اور جوابی کارروائی کی دھمکی دی۔
واضح رہے کہ پیر کو امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسینٹ نے خبردار کیا تھا کہ امریکی پابندیوں کے دباؤ کے باعث دو روز بعد ایرانی ایئرلائنز کے لیے عالمی سطح پر کام جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔
امریکی وزیر خزانہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب ٹرمپ انتظامیہ ایران پر اپنا دباؤ برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
سکاٹ بیسینٹ نے امریکی ٹی وی سی این بی سی کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’23 ستمبر کو دنیا بھر میں تمام ایرانی ایئرلائنز کے آپریشنز بند ہو جائیں گے۔ اگر ایرانی ایئرلائن کا جہاز کسی ملک میں اترتا ہے تو وہاں کی کمپنیوں کو اسے ایندھن، ایئرپورٹ کی سہولیات یا ٹکٹ فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر کوئی کمپنی پھر بھی ایرانی ایئرلائنز کے ساتھ کاروبار کرتی ہے تو اسے امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور وہ ڈالر میں کاروبار کرنے کی سہولت سے محروم ہو سکتی ہے۔‘
