ایشیئن گیمز: جیولین تھرو میں پاکستان کے ارشد ندیم پھر ناکام، گولڈ میڈل سری لنکا کے نام
ایشین گیمز 2026 کے مینز جیولین تھرو فائنل میں سری لنکا کے رمیش تھرنگا پاتھیراگے نے گولڈ میڈل جیت لیا۔(فوٹو: رائٹرز)
پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ایشین گیمز 2026 کے مینز جیولین تھرو فائنل میں چوتھے نمبر پر رہے، جبکہ سری لنکا کے رمیش تھرنگا پاتھیراگے نے گولڈ میڈل جیت لیا۔
جاپان کے شہر ناگویا میں پیر کو ہونے والے فائنل میں ارشد ندیم اپنی بہترین کوشش میں 80 میٹر سے زائد کی تھرو کرنے میں کامیاب رہے، تاہم وہ میڈلز کی دوڑ میں جگہ نہ بنا سکے۔
سری لنکا کے رمیش تھرنگا پاتھیراگے نے 88.55 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
انڈیا کے یش ویر سنگھ نے 85.72 میٹر کی تھرو کے ساتھ سلور جبکہ ان کے ہم وطن روہت یادیو نے 84.35 میٹر کے ساتھ برونز میڈل حاصل کیا۔
پاکستان کے دوسرے ایتھلیٹ محمد یاسر نے 73.50 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ نویں پوزیشن حاصل کی۔
ارشد ندیم پیرس اولمپکس 2024 میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر چکے ہیں۔ ان کی یہ تھرو اولمپکس میں جیولین تھرو کا نیا ریکارڈ بھی بنی تھی۔
ایشین گیمز میں ارشد ندیم سے پاکستانی شائقین کو میڈل کی امید تھی، تاہم وہ پوڈیم پر جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
اس سے قبل وہ کامن ویلتھ گیمز 2026 کے جیولین تھرو فائنل میں بھی نویں نمبر پر رہے تھے، جبکہ حال ہی میں ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپئن شپ میں 81.49 میٹر کی سیزن بیسٹ تھرو کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔
ایشین گیمز کے جیولین تھرو مقابلے میں سری لنکا کے پاتھیراگے نے ایک بار پھر اپنی عمدہ فارم کا مظاہرہ کیا۔ وہ رواں سیزن میں 90 میٹر سے زائد کی تھرو بھی کر چکے ہیں اور عالمی سطح پر جیولین تھرو کے نمایاں ایتھلیٹس میں شامل ہیں۔