Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: میزائل کا ملبہ گرنے سے کنڈر گارٹن اور میڈیکل کمپلیکس کو نقصان

میزائل کو سعودی دارالحکومت کے اوپر روک کر تباہ کر دیا گیا تھا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں جمعرات کو حوثی بیلسٹک میزائل کا ملبہ گرنے سے  کنڈر گارٹن اور میڈیکل کلینک کمپلیکس کو نقصان پہنچا ہے۔
حوثیوں کی جانب سے داغے جانے والے میزائل کو سعودی دارالحکومت کے اوپر روک کر تباہ کر دیا گیا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی سول ڈیفینس نے بیان میں کہا ایمرجنسی ٹیموں نے واقعے پر فوری کارروائی کی۔ ایسے واقعات کے لیے معمول کے طریقہ کار پر عمل کیا گیا۔
یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے حالیہ ہفتوں میں حملے تیز کر دیے ہیں۔ جمعرات کو ریاض کی جانب دو بیلسٹک میزائل جبکہ خمیس مشیط کی جانب ایک میزائل داغا گیا جنہیں راستے میں روک لیا گیا۔
حوثیوں نے اس قبل ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا تھا۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق ریاض اور ابھا ایئرپورٹس پر حملوں میں تین افراد جان سے گئے جبکہ 36 افراد زخمی ہوئے۔
ابھا ایئرپورٹ پر حملے میں مراکش اور الجزائر کی دو خواتین کی موت واقع ہوئی جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے جبکہ کنگ خالد ایئرپورٹ پر حملے میں ایک سوڈانی شہری جان سے گیا اور آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ یمنی فورسز کے درمیان خصوصا یمن کے مغربی بحیرہ احمر کے ساحل اور سٹریٹیجک اہمیت کے حامل باب المندب کے اطراف لڑائی میں شدت آرہی ہے۔

 

شیئر: