قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 13 اکتوبر کو طلب، صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی اہم ملاقات
ہفتہ 10 اکتوبر 2026 16:45
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے تناظر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سنیچر کو ہونے والی اس ملاقات میں حکومتی اور سیاسی امور سے متعلق اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی معاونت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ نے کی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم اجلاس میں شریک ہوئے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس 13 اکتوبر کو طلب کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق معاملہ اور پی ٹی آئی کے احتجاج کے تناظر میں یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے۔ تاہم ایوانِ صدر کے جاری کردہ بیان میں ان دونوں معاملات پر کسی حتمی فیصلے یا مخصوص حکمتِ عملی کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔