Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ریڈ سی اتھارٹی نے پہلا ’بیچ آپریٹنگ لائسنس‘ جاری کر دیا

انیشیٹیو کا مقصد ساحلی تفریحی سرگرمیوں کو منظم کرنا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ریڈ سی اتھارٹی نے اعمار اکنامک سٹی کو کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں واقع ’یام‘ ساحلی مقام کو آپریٹ کرنے کے لیے مملکت کی سطح پر پہلا ’بیچ آپریٹنگ لائسنس‘ جاری کیا ہے۔
اس انیشیٹیو کا مقصد ساحلی تفریحی سرگرمیوں کو منظم کرنا اور سرمایہ کاری و سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ لائسنس یونیفائیڈ کوسٹل ٹورازم پلیٹ فارم کے ذریعے جاری کیا گیا جو اتھارٹی کی جانب سے 2025 میں متعارف کرائی تھی۔ 
سعودی ریڈ سی اتھارٹی کی سی ای او ڈاکٹر مریم فیکیتشیلو اور اکنامک سٹیز اینڈ اکنامک زونز اتھارٹی کے قائم مقام سیکریٹری جنرل مازن بن زکی الصالح کی موجودگی میں بیچ ٹورازم آپریشنز کے نائب صدر انجینیئر محمد بخاری نے لائسنس اعمار اکنامک سٹی کی ڈائریکٹر فاطمہ روزی کے حوالے کیا۔
لائسنس کی شرائط کے تحت آپریٹرز کو ضروری سہولتوں اور خدمات فراہم کرنا ہوں گی جس میں معذور افراد کے لیے رسائی کو یقینی بنانے کے ساتھ تربیت یافتہ لائف گارڈز کی موجودگی، تیراکی اور  میری ٹائم سرگرمیوں کے لیے الگ مقامات کے علاوہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے عملی اور ٹھوس منصوبے شامل ہیں۔
لائسنس کی دیگر شرائط میں ساحل پر ویسٹ مینجمنٹ، پانی اور ریت کے معیار کی نگرانی اور سمندری ماحول و آبی حیات کا تحفظ  شامل ہے تاکہ ساحل کی قدرتی خوبصورتی اور سلامتی کو برقرار رکھا جائے۔

ریڈ سی اتھارٹی کے مطابق یہ اقدام اکنامک سٹیز اور زونز اتھارٹی و نجی شعبے کے تعاون سے ساحلی سیاحت کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مقامی و بین لاقوامی سیاحوں کے لیے معیاری تفریحی خدمات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔

 

شیئر: