نجران کے پارکس: فطرت کے قریب سکون اور تفریح کا بہترین امتزاج
اتوار 18 اکتوبر 2026 8:56
یہ پارکس شہریوں اور رہائشیوں کے معیار زندگی کو بہتر بناتے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
نجران ریجن میں مجموعی طور پر 130 پارکس موجود ہیں جو رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے تفریحی اور سیاحت کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق متنوع مقامات، وسعت اور سہولتوں کے باعت یہ پارکس نہ صرف معیار زندگی کو بہتر بناتے ہیں بلکہ شہر کے خوبصورت منظر کو بھی نکھارتے ہیں۔
نجران میونسپلٹی شہری علاقوں میں تفریحی پارکوں کے نیٹ ورک کی تزئین و آرائش اور معیار زندگی کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
پارکوں میں سبزہ زاروں کا رقبہ بڑھانے کے لیے خاص اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ بچوں اور ورزش کرنے والوں کے لیے خصوصی مقامات بنائے گئے ہیں۔

ریجن میں موجود پارکوں کا مجموعی رقبہ دس لاکھ 10 ہزار 460 مربع میٹر ہے۔ پارکوں میں درختوں کی تعداد 19500 ہے جبکہ 710 سٹریٹ لائٹس، 49 فاؤنٹین کے علاوہ 37 واش رومز کی سہولت موجود ہے۔
پارکوں میں 720 مربع میٹر رقبے پر چلڈرن پلے ایریا موجود ہے جبکہ یہاں موجود واک ویز، تفریحی سہولتیں اور پلے ایریا ایک ایسا تجربہ فراہم کرتے ہیں جہاں فطرت کے قریب سکون اور تفریح کا بہترین امتزاج ملتا ہے۔

شام کے وقت درجہ حرارت میں کمی اور خوشگوار موسم کے باعث ان پارکوں میں لوگوں کی آمد و رفت بڑھ جاتی ہے۔ یہ پارکس ویک اینڈ پر فیملیز اور دوستوں کے لیے تفریح کا ایک بہترین مرکز بن جاتے ہیں۔
یہ پارکس شہریوں اور رہائشیوں کو روزمرہ کی مصروف زندگی سے دور فطرت کے قریب ایک پر سکون ماحول فراہم کرتے ہیں جہاں وہ درختوں اور وسیع سبزہ زاروں کے درمیان کھلی فضا میں لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
