قصیم میں انار کی متعدد اقسام، ہر ایک کا ذائقہ دوسرے سے مختلف
جمعرات 22 اکتوبر 2026 7:39
ریجن میں انار کی پیداوار 12 ہزار ٹن سے تجاوز کر گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن میں انار کی پیداوار 12 ہزار ٹن سے تجاوز کرگئی ہے۔ ریجن کی مختلف کمشنریوں میں انار کے فارمز میں فصل کی کٹائی کے سیزن کا آغاز ہو چکا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق بریدہ شہر سمیت دیگر کمشنریوں میں اس وقت انار کے فارمز کی تعداد 130 سے زیادہ ہے جہاں تین لاکھ سے زیادہ انار کے درخت موجود ہیں۔
قصیم ریجن کے جن علاقوں میں انار کے فارمز موجود ہیں ان میں بریدہ کے علاوہ البکیریہ، الرس، المذنب، عیون الجواء اور ریاض الخبرا شامل ہیں۔
ان فارمز میں متعدد اناروں کی اقسام پائی جاتی ہیں جن میں طائفی، حجازی اور امریکی شامل ہیں۔ ہر قسم کا ذائقہ دوسرے سے مختلف ہوتا ہے جبکہ فصل کے پکنے کا وقت بھی یکساں نہیں ہوتا۔

ریجنل وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت کا کہنا تھا کہ انار کی فارمنگ کے لیے کاشتکاروں کو مکمل معلومات فراہم کی جاتی ہیں جن کا مقصد بہتر فصل حاصل کرنا ہے۔
علاقے کے ایک کاشتکار محمد الحسن نے بتایا کہ انار کے پودے عموماً فروری میں اگائے جاتے ہیں۔ پودوں کا انتخاب بھی اہم مرحلہ ہوتا ہے جبکہ کاشت کرنے کے بعد مناسب طریقے سے آبیاری اور کھاد کا استعمال کرنا اہم ہوتا ہے اس کے علاوہ فصل کو کیڑوں سے محفوظ رکھنا بھی ضروری عمل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انار کی فصل اکتوبر میں تیار ہونا شروع ہوتی ہے۔ مختلف اقسام کے انار اپنا مقررہ وقت پورا کرکے تیار ہو جاتے ہیں۔
