موسمِ خزاں کی ہجرت، کنگ سلمان رائل ریزرو میں سفید پیلیکن پرندوں کی آمد
کنگ سلمان بن عبدالعزیز رائل ریزرو میں رواں موسمِ خزاں کے دوران 300 سے زائد سفید پیلیکن پرندے دیکھے گئے جبکہ بڑی تعداد میں مہاجر پرندوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
فیلڈ ٹیموں نے ان پرندوں کو ریزرو کے ایک ایسے مقام پر دیکھا جو پرندوں اور حیاتیاتی تنوع کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مہاجر پرندے اپنے طویل سفر کے دوران ان مقامات پر کچھ دیر ٹھہرتے ہیں جہاں وہ آرام کرتے اور خوراک حاصل کرتے ہیں، پھر اپنی منزل کی جانب روانہ ہو جاتے ہیں۔
سفید پیلیکن سعودی عرب میں پرواز کرنے والے سب سے بڑے پرندوں میں شمار ہوتا ہے جبکہ دنیا کے بھاری ترین پرواز کرنے والے پرندوں میں اس کا چوتھا نمبر ہے۔
اس کے پروں کا پھیلاؤ 226 سے 360 سینٹی میٹر تک ہوتا ہے۔
کنگ سلمان بن عبدالعزیز رائل ریزرو دنیا کے اہم پرندوں کی ہجرت کے راستوں میں سے ایک پر واقع ہے جہاں موسمِ بہار اور خزاں کے دوران لاکھوں پرندے اس علاقے سے گزرتے ہیں۔

موسمِ خزاں میں یہ ریزرو ایشیا اور یورپ سے آنے والے مہاجر پرندوں کے لیے پہلا پڑاؤ ثابت ہوتا ہے جبکہ موسمِ بہار میں افریقہ سے واپس جانے والے پرندوں کے لیے آخری پڑاؤ میں شمار ہوتا ہے۔
ریزرو کے قدرتی مسکن پرندوں کو محفوظ ماحول فراہم کرتے ہیں جہاں وہ اپنے سفر کے دوران آرام کر سکتے ہیں، خوراک حاصل کر سکتے ہیں یا موسمِ سرما گزار سکتے ہیں۔
اس ریزرو میں بین الاقوامی معیار کے تحت پرندوں کے لیے پانچ اہم علاقے (آئی بی اے) اور حیاتیاتی تنوع کا ایک اہم علاقہ (کے بی اے) نامزد کیا گیا ہے۔ یہ درجہ بندیاں اس خطے کی ماحولیاتی اہمیت اور مہاجر پرندوں کے تحفظ میں اس کے مرکزی کردار کو اجاگر کرتی ہیں۔

ریزرو میں ریکارڈ کی گئی پرندوں کی مجموعی اقسام میں تقریباً 88 فیصد مہاجر پرندے ہیں جبکہ باقی 12 فیصد مقامی طور پر رہنے والے پرندوں پر مشتمل ہیں۔
ریزرو کی ٹیم مہاجر پرندوں کے زیرِ استعمال اہم مقامات کا جائزہ لینے کے لیے ماحولیاتی نگرانی کے پروگرام مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان اقدامات کا مقصد قدرتی مسکن کے طویل مدتی تحفظ کو یقینی بنانا اور اس منفرد قدرتی ورثے کو محفوظ رکھنا ہے۔