Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ میں واپسی کی تیاری، کترینہ کیف بڑی سکرین پر کب نظر آئیں گی؟

کترینہ کیف اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد سے سکرین سے دور ہیں (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف کی فلموں میں واپسی کی خبریں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کترینہ کیف زچگی کے وقفے کے بعد دوبارہ شوبز انڈسٹری میں واپسی کی تیاری کر رہی ہیں اور ممکنہ طور پر 2027 میں ڈیجیٹل سٹریمنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے مداحوں کے سامنے آئیں گی۔
’انڈین میڈیا‘ کے مطابق کترینہ کیف اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد سے سکرین سے دُور ہیں یعنی نومبر 2025 کے بعد انہوں نے کوئی پروجیکٹ نہیں کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس دوران اداکارہ نے مکمل توجہ اپنی فیملی، خاص طور پر اپنے بیٹے کی پرورش پر مرکوز رکھی اور میڈیا کی نظروں سے کافی حد تک دور رہیں۔
کترینہ کی آخری فلم ’میری کرسمس‘ تھی، جس میں انہوں نے وجے سیتھوپتی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا۔ فلم کے بعد انہوں نے کسی نئی فلم کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی کسی منصوبے پر کام شروع کیا۔
تاہم اب اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ اداکارہ دوبارہ سکرپٹس سن رہی ہیں اور 2027 کے دوسرے نصف میں واپسی کا ارادہ رکھتی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ جلد بازی میں کوئی بھی پروجیکٹ قبول نہیں کرنا چاہتیں بلکہ وہ ایسا کردار تلاش کر رہی ہیں جو ان کی نئی ترجیحات، یعنی اداکاری اور مادری ذمہ داریوں، دونوں کے مطابق ہو۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کترینہ کیف ڈیجیٹل سٹریمنگ پلیٹ فارمز میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ اگر وہ کسی ویب سیریز یا آن لائن فلم کا انتخاب کرتی ہیں تو یہ ان کی ڈیجیٹل دنیا میں پہلی باقاعدہ انٹری ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق وہ ایسے منصوبے چاہتی ہیں جن میں مضبوط کردار کے ساتھ نسبتاً لچکدار اوقاتِ کار بھی موجود ہوں۔

کترینہ کیف ان دنوں مختلف سکرپٹس پڑھ رہی ہیں (فائل فوٹو: انسٹاگرام)

دوسری جانب مداح کترینہ کیف کی ممکنہ واپسی کے لیے بے حد پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کئی صارفین کا کہنا ہے کہ اگر اداکارہ کسی بڑی ویب سیریز کے ساتھ واپسی کرتی ہیں تو یہ ان کے کیریئر کا ایک نیا اور دلچسپ مرحلہ ثابت ہو سکتا ہے۔
فی الحال کترینہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار رہی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے چھٹیوں کی چند تصاویر بھی شیئر کیں جن میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں دنیا کی بہترین گرم چاکلیٹ تلاش کرنے کا ذکر کیا، جبکہ اپنے بیٹے کی روزمرہ شرارتوں اور والدین بننے کے تجربات پر بھی بات کی۔
اگرچہ ابھی تک کترینہ کیف کی جانب سے کسی نئے منصوبے کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم ان کے مداح اس امید میں ہیں کہ وہ جلد ایک نئے انداز میں سکرین پر واپس آئیں گی۔

شیئر: