کیا بغیر ڈرائیور کے خود کار طور پر چلنے والے ٹرک سڑکوں پر آنے کو تیار ہیں؟
کیا بغیر ڈرائیور کے خود کار طور پر چلنے والے ٹرک سڑکوں پر آنے کو تیار ہیں؟
اتوار 16 اگست 2026 19:26
کمپنی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں چند ٹرک آزمائے جائیں گے (فوٹو: اورورا انوویشن)
امریکی ریاست کیلیفورنیا کی شاہراہوں پر خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی سے لیس بھاری بھرکم ٹرکوں ٹیسٹ درائیونگ شروع ہوگئی ہے۔
’ٹیک کرنچ‘ کے مطابق خودکار ٹرک تیار کرنے والی کمپنیوں ’اورورا انوویشن‘ اور ’کوڈیاک اے آئی‘ کو کیلیفورنیا کے محکمہ موٹر وہیکلز نے شہر کی عام سڑکوں پر اپنی ٹیکنالوجی آزمانے کے اجازت نامے جاری کیے ہیں۔
’کوڈیاک اے آئی‘ نے ٹرک آزمائشی طور پر سڑکوں پر اتارنے کا عمل شروع بھی کردیا ہے۔
کمپنی کے مطابق ’ابتدائی مرحلے میں چند ٹرک آزمائے جائیں گے اور زیادہ تر ٹیسٹنگ ماؤنٹین ویو میں کمپنی کے دفتر کے آس پاس کی جائے گی۔‘
رپورٹ کے مطابق یہ اجازت نامے 28 اپریل کو منظور کیے گئے نئے قواعد کے تحت جاری کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے 10 ہزار پاؤنڈ سے زیادہ وزن رکھنے والی ڈرائیور کے بغیر گاڑیوں کو عوامی سڑکوں پر ٹیسٹ ڈرائیو کی اجازت دی گئی ہے۔ نئے قواعد نے کمپنیوں کے لیے بھاری بھرکم خودکار گاڑیوں کی آزمائش اور مستقبل میں ان کی باقاعدہ تعیناتی کی راہ ہموار کردی ہے۔
محکمہ موٹر وہیکلز کے مطابق ’’اورورا انوویشن‘ اور ’کوڈیاک اے آئی‘ نے حفاظتی تقاضوں، انشورنس، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور سیفٹی ڈرائیور کی اہلیت سمیت دیگر شرائط پوری کی ہیں۔‘
تاہم موجودہ اجازت ناموں کے تحت آزمائشی مرحلے میں ٹرک کے اندر انسانی سیفٹی آپریٹر کا موجود ہونا لازمی ہے۔ ایسی سڑکوں پر بھی ٹیسٹنگ کی اجازت نہیں جہاں رفتار کی حد 25 میل فی گھنٹہ یا اس سے کم ہو، البتہ دو مقامات کے درمیان براہِ راست راستے کی صورت میں استثنیٰ حاصل ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب خودکار ٹرکوں کی مخالفت بھی جاری ہے۔ مزدور یونین ’ٹیمسٹرز کیلیفورنیا‘ نے ریاست کے محکمہ موٹر وہیکلز کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ نے خودکار ٹرکوں کے ممکنہ معاشی اثرات کا جائزہ لینے اور انہیں عوام کے سامنے لانے سے متعلق قوانین کو نظر انداز کیا۔ یونین نے ٹریفک کی حفاظت سے متعلق خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔
خودکار طور پر چلنے والے ٹرکوں کی مخالفت بھی جاری ہے (فوٹو: اورورا انوویشن)
’اورورا انوویشن‘ اور ’کوڈیاک اے آئی‘ نے اس سے قبل زیادہ تر آزمائش ٹیکساس میں کی، کیونکہ کیلیفورنیا میں بھاری بھرکم خودکار ٹرکوں پر پابندی تھی۔
’اورورا‘ نے مئی 2025 میں ڈلاس اور ہیوسٹن کے درمیان ڈرائیور کے بغیر ٹرک سروس شروع کی، جبکہ کوڈیاک نے جنوری 2025 میں مغربی ٹیکساس کے پرمیئن بیسن میں کمرشل آپریشنز کا آغاز کیا۔ بعد میں دونوں کمپنیوں نے ہائی وے روٹس پر بھی اپنی سرگرمیاں بڑھائیں۔
ماہرین اور کمپنیوں کی جانب سے فی الحال ڈرائیور کے بغیر ٹرکوں کے عام استعمال کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔ کیلیفورنیا کے نئے قواعد نے ان ٹرکوں کی آزمائش کے ساتھ مستقبل میں کمرشل تعیناتی کا راستہ ضرور کھول دیا ہے، تاہم موجودہ مرحلہ محدود آزمائش کا ہے۔ اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ ٹرک کب بڑی تعداد میں سڑکوں پر عام نظر آئیں گے۔