برطانیہ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے رہائشی ہوٹل کے باہر احتجاج، معاملہ کیا ہے؟
برطانیہ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے رہائشی ہوٹل کے باہر احتجاج، معاملہ کیا ہے؟
جمعرات 10 ستمبر 2026 11:27
پاکستان انڈر 19 ٹیم کو برطانیہ کے شہر پورٹسماؤتھ میں غلطی سے ’پناہ کے متلاشی افراد‘ سمجھ لیا گیا۔(فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم اس وقت برطانیہ کے شہر پورٹسماؤتھ میں توجہ کا مرکز بن گئی جب اسے غلطی سے ’پناہ کے متلاشی افراد‘ کا گروپ سمجھ لیا گیا۔
برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پورٹسماؤتھ کے میریٹ ہوٹل میں پناہ کے متلاشی افراد کے قیام کی اطلاعات پر مظاہرین ہوٹل کے باہر پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق تقریباً 40 ایسے افراد کو ہوٹل پہنچتے دیکھ کر صورت حال کشیدہ ہوگ ئی جو بظاہر مقامی افراد نہیں لگ رہے تھے۔
بعدازاں معلوم ہوا کہ ہوٹل میں قیام کرنے والے افراد دراصل پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور عملے کےدوسرے افراد ہیں، جس کے بعد غلط فہمی دور ہو گئی۔
ریفارم پارٹی کے کونسلر جارج میڈگ وِک نے ہوٹل سے رابطہ کیا اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے عملے اور ہوٹل کے باہر جمع مظاہرین کے درمیان معاملہ واضح کرنے میں مدد کی، جس کے بعد مظاہرین وہاں سے منتشر ہو گئے۔
جارج میڈگ وِک نے ’دی گارڈین‘ کو بتایا کہ انہوں نے ٹیم کے کوچ سے بات کی جنہوں نے صورت حال کو سمجھنے میں کافی تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں مظاہرین کے پاس گیا اور ان سے کہا کہ آپ لوگوں کو غلط فہمی ہوئی ہے، یہ کرکٹ ٹیم ہے۔‘
کونسلر کے مطابق اس وضاحت کے بعد مظاہرین چند منٹ میں وہاں سے چلے گئے۔
جارج میڈگ وِک نے اس واقعے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورٹسماؤتھ کے لوگ پہلے ہی اس معاملے پر ہائی الرٹ ہیں۔
ان کے مطابق مقامی افراد کا کہنا ہے کہ قریباً 40 غیر ملکی افراد کو اسی کمپنی کی کوچ میں ہوٹل پہنچتے دیکھا گیا جس کی وجہ سے یہ غلط فہمی پیدا ہوئی کہ وہ پناہ کے متلاشی افراد ہیں۔
واقعے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے۔(فوٹو:ایکس)
واقعے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر ہے۔ ٹیم نے دو سے پانچ ستمبر تک ارنڈیل میں انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف چار روزہ میچ کھیلا تھا، جس میں اسے 10 رنز سے شکست ہوئی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان نو ستمبر کو یوتھ ون ڈے کھیلا گیا، جس میں پاکستان انڈر 19 نے 177 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
دوسری جانب پاکستان کی سینیئر مردوں کی کرکٹ ٹیم بھی انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کھیل رہی ہے۔