Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کون سی ورزش بزرگ افراد کے لیے موٹاپا گھٹانے اور پٹھے محفوظ رکھنے میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہے؟

تحقیق میں 65 سے 85 سال عمر کے ایک سو 23 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بڑھتی عمر کے ساتھ جسم میں کئی قدرتی تبدیلیاں آتی ہیں، جن میں پٹھوں کی کمزوری اور جسمانی چربی میں اضافہ شامل ہے۔
یہ صورتحال نہ صرف جسمانی طاقت اور توازن کو متاثر کرتی ہے بلکہ دل کی بیماریوں، ذیابیطس اور گرنے کے خطرات میں بھی اضافہ کر سکتی ہے۔ تاہم ایک نئی تحقیق میں ایسی ورزش کی نشاندہی کی گئی ہے جو بزرگ افراد میں چربی کم کرنے کے ساتھ ساتھ پٹھوں کو بھی محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
آسٹریلیا کی ’یونیورسٹی آف دی سن شائن کوسٹ‘ کے محققین کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق ’ہائی اِنٹینسٹی اِنٹرول ٹریننگ (ایچ آئی آئی ٹی) بزرگ افراد کے لیے چربی کم کرنے کا مؤثر طریقہ ثابت ہوئی، جبکہ اس دوران پٹھوں کے حجم میں کمی بھی نہیں دیکھی گئی۔
تحقیق میں 65 سے 85 سال عمر کے ایک سو 23 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا، جن کی اوسط عمر 72 سال تھی۔
شرکاء کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا، جن میں کم شدت، درمیانی شدت اور زیادہ شدت والی ورزشیں کروائی گئیں۔
تمام شرکاء نے چھ ماہ تک ہفتے میں تین بار، ہر بار 45 منٹ ورزش کی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ درمیانی اور زیادہ شدت والی ورزشوں سے جسمانی چربی میں کمی آئی، تاہم صرف ہائی اِنٹینسٹی اِنٹرول ٹریننگ کرنے والے افراد اپنے پٹھوں کا حجم برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
تحقیق کی سربراہ اور ماہر ورزش ڈاکٹر گریس روز کے مطابق تمام شدت کی ورزشوں سے کچھ حد تک چربی میں کمی دیکھی گئی، لیکن صرف ہائی اِنٹینسٹی اِنٹرول ٹریننگ ہی ایسی ورزش تھی جس نے پٹھوں کو محفوظ رکھا۔
ہائی اِنٹینسٹی اِنٹرول ٹریننگ یا ایچ آئی آئی ٹی میں مختصر وقت کے لیے انتہائی تیز رفتار ورزش کی جاتی ہے، جس کے بعد مختصر آرام یا ہلکی ورزش کا وقفہ لیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر ایک منٹ تیز رفتار چہل قدمی، سائیکلنگ یا سیڑھیاں چڑھنے کے بعد ایک منٹ آرام کیا جاتا ہے اور یہ عمل بار بار دہرایا جاتا ہے۔

اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ وزن میں کمی سے زیادہ اہم جسمانی ساخت ہے (فائل فوٹو: پکسابے)

ماہرین کے مطابق یہ ورزش دل اور پٹھوں دونوں پر زیادہ مؤثر انداز میں کام کرتی ہے، جس کی وجہ سے جسم چربی جلانے کے ساتھ پٹھوں کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔
تحقیق میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ وزن میں کمی سے زیادہ اہم جسمانی ساخت ہے۔ صرف وزن کم کرنا کافی نہیں بلکہ جسم میں پٹھوں کو برقرار رکھتے ہوئے چربی کم کرنا صحت مند بڑھاپے کے لیے ضروری ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ ایچ آئی آئی ٹی کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، تاہم دل کے امراض، جوڑوں کے مسائل یا دیگر طبی پیچیدگیوں میں مبتلا افراد کو ایسی ورزش شروع کرنے سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔
محققین کا کہنا ہے کہ ہر قسم کی جسمانی سرگرمی فائدہ مند ہے، تاہم جو بزرگ افراد محفوظ طریقے سے زیادہ شدت والی ورزش کر سکتے ہیں، ان کے لیے ایچ آئی آئی ٹی چربی کم کرنے اور پٹھوں کو محفوظ رکھنے کا بہترین انتخاب ثابت ہو سکتی ہے۔

شیئر: