مملکت کا سکالرشپ پروگرام: امریکی اور کینیڈین یونیورسٹیوں میں سعودی طلبہ کی نمایاں موجودگی
مملکت کا سکالرشپ پروگرام: امریکی اور کینیڈین یونیورسٹیوں میں سعودی طلبہ کی نمایاں موجودگی
جمعہ 25 ستمبر 2026 10:00
امریکہ اور کینیڈا کی یونیورسٹیوں میں سعودی طلبہ کی موجودگی سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے (فوٹو: ایس پی اے)
امریکہ اور کینیڈا میں سعودی ثقافتی اتاشی تهاني البيز نے کہا ہے کہ سعودی طلبہ امریکہ اور کینیڈا کی ممتاز جامعات میں اپنی تعلیمی موجودگی مزید مستحکم کر رہے ہیں۔ 2026 کے اعداد و شمار کے مطابق ان جامعات میں زیرِ تعلیم سعودی طلبہ کی تعداد تقریباً 1545 تک پہنچ گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ اقدام خادم حرمین شریفین سکالرشپ پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد سرکردہ عالمی تعلیمی اداروں کو سکالرشپس فراہم کر کے انسانی وسائل کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔ اس پروگرام کے پائنیرز ٹریک کے تحت دنیا کے سرفہرست 30 تعلیمی اداروں کو ہدف بنایا گیا ہے۔
اس مجموعی تعداد میں سے 950 طلبہ امریکہ کی جامعات میں پائنیئر یونیورسٹیز کی کیٹیگری کے تحت زیرِ تعلیم ہیں جبکہ کینیڈا کی یونیورسٹی آف ٹورنٹو میں تقریباً 595 سعودی طلبہ سکالرشپ پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں تقریباً 325 سعودی ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔
البیز نے بتایا کہ پائنیئر یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والوں میں سے 47.3 فیصد یعنی 449 طلبہ انجینئرنگ، کمپیوٹنگ، نیچرل سائنسز اور ریاضی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں انجینیئرنگ، مینوفیکچرنگ اور کنسٹرکشن 276 طلبہ کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔
سعودی خواتین کے حوالے سے امریکہ کی پائنیئر یونیورسٹیز میں زیرِ تعلیم طالبات کی تعداد 434 ہے جو مجموعی تعداد کا 45.7 فیصد بنتی ہے۔ ماسٹرز کی سطح پر یہ تناسب مزید نمایاں ہے جہاں 205 طالبات کے مقابلے میں 209 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔
یونیورسٹی آف ٹورنٹو میں تقریباً 595 سکالرشپ حاصل کرنے والے طالب علم موجود ہیں (فائل فوٹو: یونیورسٹی آف ٹورونٹو)
البیز نے کہا کہ امریکہ اور کینیڈا کی سرکردہ یونیورسٹیوں میں سعودی طلبہ کی موجودگی سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق قومی انسانی وسائل کو تیار کرنے کے لیے مملکت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔