Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جس کا جی چاہے ملکی اداروں کو گالیاں دیتا ہے‘ عدالت عالیہ

اسلام آباد: عدالت عالیہ میں عدلیہ مخالف نعرے بازی کیس کی سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ عجیب مذاق بن چکا ہے، جس کا جی چاہتا ہے وزیرا عظم، آرمی چیف اور اداروں کو گالیاں دیتا ہے۔  ن لیگ کی خواتین کارکنوں کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران لیگی کونسلر ثمینہ شعیب اور نورین گیلانی عدالت میں پیش ہوئیں۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضمانت منظور کرلی۔ لیگی خواتین پر الزام ہے کہ انہوں نے سابق وزیرا عظم نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے وقت عدالت عظمیٰ کے باہر عدلیہ کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔ دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ کچھ تو ایسے بھی ہیں جو اداروں کے علاوہ پاکستان کو بھی گالیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے کرتے کچھ نہیں، گالیاں دینے پر ہاتھ رکھا ہوا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے خواتین سے پوچھا کہ آپ کیوں سپریم کورٹ سے متعلق نازیبا الفاظ کہتی ہیں جس پر لیگی خواتین کے وکیل نے جواب دیا کہ ڈیڑھ سال سے ہمارے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔

شیئر: