Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اپنا لائف کبھی اپ کبھی ڈاؤن‘: سنجو بابا 60 سال کے ہو گئے

سنجے دت ایک اداکار کے طور پر فلم 'نام' سے پیدا ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
آپ پوچھیں گے کہ کون بابا؟ تو لوگ کہیں گے کہ ’ارے ماموں تم اپن کے 'منا بھائی' کو نہیں جانتے کیا؟‘
جی ہاں 'منا بھائی' یعنی سنجے دت آج 60 سال کے ہو گئے ہیں۔ یقین نہیں آتا نہ؟ کیونکہ وہ ہیں ہی اس قدر زندہ دل اور دلچسپ شخصیت۔
ان کی زندگی پر مبنی فلم ’سنجو ‘کا ایک سین ان کی کہانی کو بخوبی بیان کرتا ہے۔
'اپنا لائف کبھی اپ، کبھی ڈاؤن۔ ڈرگز لیا، مہنگے ہوٹلوں میں بھی رہا اور جیل میں بھی۔ گھڑیاں بھی پہنیں اور ہتھکڑیاں بھی۔ 308 گرل فرینڈز تھیں اور ایک اے کے 56 رائفل۔'
ان تمام باتوں کے باوجود سنجے دت بچپن میں بہت شرمیلے تھے۔ فلم ڈویژن کی ایک ڈاکومینٹری میں جب سنجو بابا کو نرگس تیار کر کے چومتی ہیں تو شرما کر منہ چھپا لیتے ہیں اور کیمرے کی طرف نہیں دیکھتے۔
ان کی شرمانے کی ادا آپ کو فلم 'منا بھائی' سمیت ان کی لگ بھگ تمام فلموں میں بخوبی نظر آئے گی لیکن ان کا کیمرے سے منہ چھپانا سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ 1981 کے بعد سے وہ مسلسل کیمرے کو منہ چڑا رہے ہیں۔
اس سے 10 سال قبل وہ فلم ’ریشما‘ اور ’شیرا‘ میں چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر بھی نظر آ چکے تھے۔


سنجے کی فلم منا بھائی بہت مقبول ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی

سنجے دت کی پیدائش 29 جولائی 1959 میں ہوئی اور ان کی پیدائش کے بعد نرگس دت جو اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں نے فلموں میں کام کرنا کم کر دیا اور پھر بالکل بند کر دیا۔ نرگس نے اپنے ایک ریڈیو انٹرویو میں بتایا تھا کہ جب وہ شوٹنگ پر جانے لگتیں تو سنجے رونے لگتے اور فلم کے سیٹ پر بھی انہیں اکثر سنجے کی فکر لاحق رہتی۔
سنجے دت کے بگڑنے کی شروعات بچپن میں ہی نظر آنے لگی تھی۔
ان کے والد سنیل دت نے ان کی سگریٹ نوشی کے بارے میں ایک بار ایک قصہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ ایک بار وہ سب کشمیر گئے ہوئے تھے تو انہوں نے مذاقاً سنجے کو سگریٹ تھما دی۔ 10 سال سے بھی کم عمر کے سنجے نے ان کے سامنے پوری سگریٹ پی لی جس پر سب حیران تھے۔
در اصل سنجے کو سگریٹ پینے کی عادت اس سے پہلے ہی لگ چکی تھی۔ فلمی دنیا کے لوگ جب سنیل دت سے ملنے آتے اور سگریٹ پی کر جو حصہ پھینک دیتے سنجے اسے اٹھا کر پی لیتے۔
سنجے کو بگڑتا دیکھ کر انہیں بمبئی کے کیتھیڈرل سکول سے نکال کر شمالی ریاست ہماچل پردیش کے بورڈنگ سکول میں بھیج دیا گیا جہاں انہوں نے چند سال گزارے۔


سنجے کو اداکاری کی ابتدائی تربیت خود ان کے والد سنیل دت نے دلوائی۔ فوٹو: اے ایف پی

کالج میں آتے ہی سنجے غلط صحبت میں پڑ گئے اور منشیات کی تاریک دنیا کی طرف راغب ہونا شروع ہو گئے۔ نرگس کو اس بات کی بھنک لگ گئی لیکن انھوں نے سنیل دت کو اس بارے میں نہیں بتایا۔
سنجے نے فلموں میں جانے کی ٹھان لی، سنیل دت نے ناصرف انہیں اجازت دی بلکہ اداکاری کی تربیت بھی دلائی اور خود انھیں فلم 'راکی' سے لانچ کیا۔
سنجے کی والدہ اپنے بیٹے سے بہت لگاؤ تھا لیکن سنجے کی پہلی فلم کے پریمیئر سے چند روز قبل وہ کینسر کے موذی مرض کا شکار ہو گئيں۔
ماں کی موت کے بعد وہ اپنی پہلی فلم کی اداکارہ ٹینا منیم اور منشیات کے بہت قریب ہو گئے۔
ان کی دوسری فلم دلیپ کمار، شمی کپور اور سنجیو کمار کے ساتھ 'ودھاتا' تھی جس میں انھوں نے دلیپ کمار کے پوتے کا کردار ادا کیا تھا اور یہ فلم اس سال کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوئی۔
سنجے دت ایک اداکار کے طور پر فلم 'نام' سے پیدا ہوئے جس میں ان کے ساتھ اداکار راجندر کمار کے بیٹے کمار گورو اہم کردار ادا کر رہے تھے لیکن فلم کا سارا کریڈٹ سنجے دت لے گئے۔
جہاں فلم 'نام' اور 'سڑک' نے انہیں اچھے اداکار کے طور پر متعارف کرایا وہیں فلم 'ساجن' نے ان کے شریفانہ روپ کو پیش کیا۔


جوانی میں مادھوری اور سنجے کی دوستی کے خوب چرچے ہوتے رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

اس کے بعد ان کی فلم 'کھلنایک' آئی جس میں ایک بار پھر اداکارہ مادھوری دیکشت ان کے ساتھ تھیں جن کے ساتھ ان کی قربتوں کے خوب چرچے تھے۔ یہ فلم ان کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہے۔
اس کے بعد ان کے فلمی کیریئر پر ممبئی بم دھماکوں کا سایہ پڑنا شروع ہوا ور انہیں غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے جرم میں سزا ہوئی۔
ٹینا منیم سے تعلقات ختم ہونے کے بعد سنجو بابا نے اداکارہ رچا شرما سے شادی کی تاہم ان کا 1996 میں انتقال ہو گیا۔ اس شادی سے سنجے کی ایک بیٹی ہیں۔ پھر سنجے نے ماڈل ریا پلئی سے شادی کی جو طلاق پر ختم ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے مانیتا سے شادی کی جن سے انہیں جڑوا بچے، ایک بیٹی اور ایک بیٹا پیدا ہوئے۔
سنجے دت کا فلموں میں 2003 میں دوسرا جنم 'منا بھائی' سے ہوا جس میں ان کا کردار خاصا مزاحیہ تھا۔ بس اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور یکے بعد دیگرے مزاحیہ کرداروں میں نظر آنے لگے۔
وہ اب بھی فلموں میں اپنے انداز میں اہم کردار ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔ یعنی ان کے بارے میں کہا جا سکتا  ہے سکسٹی اینڈ کاؤنٹنگ۔

شیئر: