Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان اب کس سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں؟

شاہ رخ خان ابھی تک ’زیرو‘ کی ناکامی سے شاید نہیں نکل پائے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑہ اب خود سے کہیں زیادہ اپنے شوہر کی باتیں کرتی ہیں۔ اگر آپ کو یقین نہ آئے تو آپ پورے ایک سال کی خبریں اٹھا کر دیکھ لیں۔
حال ہی میں پرینکا چوپڑہ نے اپنے شوہر اور گلوکار نک جوناس کے بارے میں بتایا کہ وہ رات کو جاگ کر انھیں دیکھتی ہیں۔ انھوں نے اس کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے چند دنوں بعد ہی انہیں پتہ چلا کہ جوناس ذیابیطس  کا شکار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’شروع میں جب ہماری شادی ہوئی تو یہ سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ نیند میں بھی انہیں کس طرح پتہ چلتا ہے کہ ان کے جسم میں شوگر کی سطح کم ہو گئی ہے۔ اور یہ ان کے پاگل پن کی حد تک ڈسپلن کا نتیجہ ہے کہ وہ اسے محسوس کر لیتے ہیں۔‘

پرینکا چوپڑا کے مطابق نک جوناس پاگل پن کی حد تک ڈسپلنڈ ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

انھوں نے بتایا کہ بعد میں انھوں نے اس بیماری کے بارے مزید معلومات حاصل کی۔ نک جوناس کو 13 سال کی عمر میں یہ بیماری لاحق ہوئی تھی اور اس وقت سے اب تک وہ بہت ہی ڈسپلن کے ساتھ اس سے نمٹ رہے ہیں۔
دوسری طرف جب ان سے سوال کیا گیا کہ آیا وہ نک جوناس کے ساتھ کوئی بالی وڈ فلم کرنا چاہیں گی تو انھوں نے کہا کہ اس کے لیے نک کو ہندی زبان سیکھنی ہوگی۔ لیکن پرینکا نے بتایا کہ وہ بالی وڈ کے گیتوں پر رقص کرنا پسند کرتے ہیں۔
پرینکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ نک ان کے ساتھ ہندوستان اور ہر ایک ہندوستانی چیز کی محبت میں گرفتار ہو گئے ہیں۔

 

اگر پرینکا اپنے شوہر جوناس پر فدا ہیں تو اداکارہ کرینہ کپور بھی ان سے کم نہیں ہیں فرق صرف یہ ہے کہ وہ شوہر کے ساتھ اپنے بیٹے تیمور علی خان کے بارے میں باتیں کرنے سے نہیں تھکتیں۔

تیمور علی خان، ایک نیا سیلبرٹی؟

حال ہی میں ایلے فیشن میگزن کے سرورق پر آنے والی کرینہ کپور خان نے بتایا کہ وہ کس طرح کام اور بچے کی پرورش میں توازن برقرار رکھتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ’تیمور کا سیف اور میرے ساتھ وقت بتانا کافی اہم ہے۔ اور وہ بھی اس وقت جس میں ہم کوئی شوٹنگ نہ کر رہے ہوں یا پھر کوئی سکرپٹ نہ پڑھ رہے ہوں۔‘

کرینا کپور کا کہنا ہے کہ وہ تیمور کی پرورش ایک عام انسان کی طرح کرنا چاہتی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

بالی وڈ کی ’بیبو‘ نے کہا کہ ’اس کے علاوہ یہ بھی انتہائی اہم ہے کہ تیمور ہمارے ساتھ وہاں وقت گزاریں جہاں ہمیں پہچانا نہ جائے۔‘
وہ تیمور کو ایک عام انسان کی طرح پرورش کرنا چاہتی ہیں۔ تیمور کو انڈیا میں ننھے سیلبریٹی کے طور پر دیکھا جاتا ہے لیکن وہ اسے کیمرے کی نظر سے دور رکھنا چاہتی ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ تیمور کو سیف اور ان کے ساتھ سب سے زیادہ مزا آتا ہے۔ اور ان کا خیال ہے کہ ایسا ہمیشہ رہے گا۔

شاہ رخ خان کی امیدیں 

بالی وڈ کے ’بادشاہ‘ شاہ رخ خان ایک عرصے سے خاموش ہیں کیونکہ ان کی آخری فلم ان کے امیدوں پرپوری نہیں اتری تھی۔
لیکن منگل کے روز انھوں نے اپنے ایک مداح کو بتایا کہ وہ اپنی آنے والی فلم پر کام کر رہے ہیں اور انھیں امید ہے کہ وہ ’ہٹ‘ ثابت ہوگی۔
شاہ رخ خان ابھی تک ’زیرو‘ کی ناکامی سے شاید نہیں نکل پائے ہیں لیکن گذشتہ روز انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے ساتھ سوال جواب کا ایک سیشن کیا۔

 

جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی اگلی فلم کب آئے گی تو انھوں نے کہا کہ ’اس پر کام جاری ہے لیکن چیزوں کو درست ہونے میں ذرا وقت لگے گا۔‘
جب کسی نے ان سے پوچھا کہ وہ کس طرح کی فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو شاہ رخ نے اپنے پر مزاح انداز میں کہا ’امید ہے کہ ہٹ قسم کی‘
جب ان سے فلم ’دھوم‘ کے چوتھے سلسلے کے بارے میں کسی نے پوچھا تو شاہ رخ نے کہا: ’سنا تو میں نے بھی ہے، تمہیں کچھ اور خبر ملے تو دینا۔‘
یعنی شاہ رخ ابھی وہاں ہیں جہاں سے انہیں بھی ان کی خبر نہیں آتی لیکن حس مزاح ان کا برقرار ہے۔
شوبز کی خبروں کے لیے ’’اردو نیوز شوبز‘‘ جوائن کریں

شیئر: