Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رقص میں وقفہ‘ خاتون کو گولی مار دی گئی

انڈین میڈیا کے مطابق خاتون کو گولی مارنے کا واقعہ یکم دسمبر کو پیش آیا، فوٹو: روئٹرز
انڈیا کی ریاست اترپردیش میں ایک تقریب کے دوران ’رقص میں وقفہ دینے پر‘ ایک خاتون پر گولی چلا دی گئی۔
ویڈیو پوسٹ کرنے والے ایک صارف شیو اروُور نے لکھا ہے کہ ’اتر پردیش میں ایک خاتون کو منہ پر اس لیے گولی مار دی گئی کیونکہ انہوں نے رقص کرنے میں وقفہ دیا تھا۔‘
ویڈیو میں دو خواتین کو رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور پیچھے سے ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’گولی چل جائے گی‘۔

 

انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ یکم دسمبر کو پیش آیا اور یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ’متاثرہ خاتون کی عمر 22 سال ہے اور انہیں جبڑے پر گولی لگی ہے لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔‘
واقعے میں دو اور افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
گولیاں چلانے والے دو افراد کے نام سدھیر سنگھ اور پھول سنگھ ہیں جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انڈیا میں حالیہ دنوں میں خواتین کے ساتھ زیادتی اور ان پر تشدد کے بے شمار واقعات منظرِ عام پر آئے ہیں۔
چند روز قبل اتر پردیش میں ایک خاتون اپنے خلاف مبینہ زیادتی کا ثبوت دینے عدالت جا رہی تھیں کہ راستے میں ملزمان نے انہیں آگ لگا دی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ’وہ کیس کی سماعت کے لیے عدالت جا رہی تھیں جب ان پر جنسی زیادتی کرنے والے دو ملزم اور تین اور افراد نے حملہ کیا۔‘
اس سے قبل شمال مشرقی ریاست بہار کے بکسر ضلعے میں ایک بچی کو مبینہ جنسی زیادتی کے بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا اور پھر اسے نذر آتش بھی کیا گیا۔
انڈیا کے مختلف  علاقوں میں گذشتہ روز تلنگانہ ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد میں ایک ویٹرنری ڈاکٹر کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کے خلاف مظاہرے ہو رہے تھے۔

شیئر: