Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیوی نے گردہ دیا، شوہر نے جیل بھجوا دیا

سوشل میڈیا پر وفا شعار خاتون کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ فوٹو: البیان
مصر میں سوشل میڈیا پر ایک وفا شعار خاتون کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے جس نے شوہر کی جان بچانے کے لیے اسے اپنا گردہ عطیہ کیا تھا، لیکن شوہر نے دوسری شادی کے لیے اسے جیل بھجوا دیا۔
البیان اخبار کے مطابق مصری خاتون رحاب فتحی کا شوہر گردے کا مریض تھا۔
شوہر کی زندگی خطرے میں تھی، تو بیوی نے اسے اپنا گردہ عطیہ کر کے شوہر کی زندگی بچائی۔
کچھ عرصے بعد شوہر نے دوسری شادی کر لی۔
پہلی بیوی کے خلاف پولیس سٹیشن میں رپورٹ درج کروا دی کہ اس نے گھر کا سامان اپنے رشتے داروں کے ہاں منتقل کر دیا ہے۔

قریبی دوستوں نے صلح صفائی کی کوشش کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ فوٹو: ٹوئٹر

الزقازیق پولیس سٹیشن نے رپورٹ درج کر کے معاملہ عدالت بھجوایا دیا تھا۔
شوہر نے الزام لگایا تھا کہ پہلی بیوی نے گھر سے الیکٹرانک آلات اور دیگر قیمتی اشیا کہیں اور منتقل کردی ہیں۔
کئی ماہ تک عدالت میں مقدمہ چلتا رہا۔ شوہر نے من گھڑت ثبوت پیش کیے۔ عدالت نے خاتون کو قصور وار پا کر چھ ماہ قید کی سزا سنا دی۔ 
مصری میڈیا نے وفا شعار خاتون رحاب فتحی کا معاملہ اٹھایا تو سوشل میڈیا پر بھی رحاب فتحی کے حق میں ہمدردی کی مہم شروع کردی گئی۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ مصری خاتون کا المیہ انتہائی رلا دینے والا ہے۔ وہ خاتون جس نے اپنے شوہر کو بچانے کے لیے گردے کی قربانی دی، اسے شوہر نے پہلے گھر سے نکالا پھر اس پر چوری کا الزام لگایا۔ اسی پر بس نہیں کیا سوتن بھی لے آیا۔

عدالت نے خاتون کو قصور وار پا کر چھ ماہ قید کی سزا سنادی۔ فوٹو: ٹوئٹر

رحاب فتحی کا کہنا ہے کہ وہ گردے کا عطیہ دینے کے بعد وہ زیر علاج تھیں۔
’ہسپتال سے گھر آئی تو مجھے گھریلو کاموں میں کسی کی مدد کی ضرورت تھی مگر شوہر کا رویہ بدل چکا تھا۔‘
اخبار کے مطابق رحاب فتحی کا شوہر اس کے ساتھ مسلسل بدسلوکی کررہا تھا۔ قریبی دوستوں نے صلح صفائی کی کوشش کی لیکن انہیں ناکامی ہوئی۔

شیئر: