Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکار ریلی کا صحرائی سفر جاری، حائل پہنچ گئی

پانچویں مرحلے میں 57 سالہ ہسپانوی ڈرائیور کارلوس سائنز نے کامیابی حاصل کر لی(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے شہر جدہ میں بحراحمرکے کورنیش سے شروع ہونے والی ڈاکار ریلی کا صحرائی سفرجاری ہے جو نیوم سے ہوتا ہوا  17جنوری 2020 کو ریاض کے قریب القدیہ قریہ میں اختتام پذیر ہوگا۔

کارلوس سائنز 2010اور 2018 کی ڈاکار ریلی کے چیمپیئن ہیں(فوٹو ٹوئٹر)

سعودی گزٹ کے مطابق ریلی کے پانچویں مرحلے میں 57 سالہ ہسپانوی ڈرائیور کارلوس سائنز نے کامیابی حاصل کر لی، تیسرے مرحلے میں بھی کارلوس سائنز کامیاب رہے تھے، انہوں نے اپنی مجموعی برتری مستحکم کرلی۔ کارلوس سائنز 2010اور 2018 کی ڈاکار ریلی کے چیمپیئن ہیں، سعودی عرب میں ہونے والی اس ریس میں ان کی یہ 34 ویں مرحلہ میں کامیابی ہے۔
 العلاء سے حائل تک کا یہ مرحلہ 563 کلومیٹر طویل تھا اور زیادہ تر حصہ صحرائی ٹیلوں، جھاڑیوں اور پتھریلے راستے پر مشتمل تھا۔ کارلوس نے اپنے حریف قطری دفاعی چیمپیئن ناصر العطیہ سے 2منٹ 56 سیکنڈ قبل یہ فاصلہ طے کر لیا۔

زیادہ تر راستہ صحرائی ٹیلوں، جھاڑیوں پر مشتمل اور پتھریلا تھا۔ (فوٹو ٹوئٹر)

 پانچویں مرحلے کے اختتام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کارلوس نے کہا کہ میں اس ریس میں بہت خوش ہوں کہ شروع میں میرے ساتھ جو مسائل تھے وہ اب نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں مقابلہ جیتنے کی پوری کوشش کروں گا لیکن جب اگلے مرحلے آئیں گے تو واضح ہو گا کہ کتنے مشکل ہیں۔
"مسٹر ڈاکار" کے لقب سے مشہور فرانس کے منجھے ہوئے ڈرائیور سٹیفن پیٹرہینسل اب تک ڈاکار ریلی کے 13 مرحلوں میں کامیابی سمیٹ چکے ہیں انہوں نے چوتھے مرحلے میں کارلوس سے 6.11 منٹ کے فرق سے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 

موٹرسائیکل سوار آسٹریلیا کے ٹوبی پرائس پانچویں مرحلے میں کامیاب رہے (فوٹو عرب نیوز)

 سٹیفن پیٹر ہینسل نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرحلہ انتہائی دشوار گزار اور مختلف نوعیت کا تھا، ہمیں دو مرتبہ گاڑی کے پنکچر کا سامنا کرنا پڑا جو کہ ایک مرتبہ نوکیلی چٹان اور دوسری مرتبہ شائد راستے کی کوئی جھاڑی سبب تھی۔یہی وجہ تھی کہ کارلوس مجھ سے آگے نکل گیا اور وہ واقعی بہت تیز تھا۔
واضح رہے کہ ڈاکار ریلی میں شامل فرانسیسی پیٹر ہینسل نے متعدد فتوحات حاصل کر رکھی ہیں جن میں کار ڈرائیو کرتے ہوئے سات مراحل میں اور بذریعہ موٹرسائیکل چھ مراحل میں انہوں نے کامیابی سمیٹی ہے۔

اس مرحلے میں کارلوس کو پکڑنا مشکل ترین تھا(فوٹو ٹوئٹر)

 پیٹر ہینسل نے مزید کہا کہ اس مرحلے میں کارلوس کو پکڑنا مشکل ترین تھا البتہ ناصر العطیہ کو پیچھے چھوڑدیا اور اختتامی لائن تک پہنچتے ہوئے تین منٹ کا فرق آگیا تھا۔
موٹرسائیکل سوار آسٹریلیا کے رائڈر ٹوبی پرائس نے دفاعی چیمپیئن چلی کے پابلو کوئٹانیلا کو 1.12منٹ سے پیچھے چھوڑتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی جبکہ امریکن رائڈراینڈریو شارٹ 2.31 منٹ کے فرق سے تیسرے نمبر پر رہے۔امریکہ کے ہی رکی برابک 9.06کے فاصلے سے اختتامی لائن تک پہنچے اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

آئندہ مراحل میں کچھ مشکل پیش آسکتی ہے (فوٹو ٹوئٹر)

پانچویں مرحلے کے اختتام پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلی پوزیشن پر آنے والے ٹوبی پرائس کی کارکردگی مجھ سے بہت بہتر رہی۔ آئندہ مراحل میں کچھ مشکل پیش آسکتی ہے لیکن دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے۔
ڈاکار ریلی اپنے اگلے مرحلے میں حائل سے830 کلومیٹر کا راستہ طے کرتے ہوئے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے گی۔ جہاں تمام شرکاء کو ایک دن کا آرام اور وقفہ ملے گا۔

شیئر: