Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نامزد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کون ہیں؟

سکندر سلطان مرزا نے 1989 میں بطور اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد  ملازمت کا آغاز کیا۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان میں حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے درمیان بالآخر نئے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔
سکندر سلطان راجہ کا شمار ملک کے مضبوط اور طاقتور بیوروکریٹس میں ہوتا تھا۔ ان کا نام  چیف الیکشن کمشنر کے لیے حکومت کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ممبران کے لیے اپوزیشن کے تجویز کردہ نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی کے ناموں پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ 
چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے ناموں کے لیے قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی کی چیئرپرسن شیریں مزاری نے اتفاق رائے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان کو تینوں ناموں سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور حکومت اور اپوزیشن نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا۔‘

سکندر سلطان راجہ کون ہیں؟

سکندر سلطان راجہ پاکستان میں ایک مضبوط، اثر  و رسوخ والے بیروکریٹک خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ سکندر سلطان کا تعلق ضلع سرگودھا کے علاقے (بھیرہ) سے ہے اور ان کے والد پاکستان کی فوج میں میجر کے رینک پر رہ چکے ہیں۔
سکندر سلطان سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی کے داماد ہیں۔ سعید مہدی سنہ 1997 سے 1999 تک سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری کے عہدے پر تعینات رہے اور ان کا شمار سابق وزیراعظم کے با اعتماد افسران میں کیا جاتا تھا۔
نواز شریف جس وقت پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے اس دور میں سعید مہدی چیف سیکرٹری پنجاب تعینات رہے۔
سکندر سلطان راجہ چیف کمشنر اسلام آباد عامر احمد علی کے بھی بہنوئی ہیں۔ عامر احمد علی کے پاس چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا اضافی چارج بھی موجود ہے۔

سابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان گذشتہ دسمبر کو ریٹائرڈ ہوئے تھے۔ (فوٹو:اے ایف پی)

سکندر سلطان راجہ کی بیگم رباب سکندر بھی ایف بی آر ڈویژن میں 20 گریڈ کی افسر ہیں اور کسٹم سروس میں ڈائریکٹر کے طور پر فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔
سکندر سلطان راجہ وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری اور طاقتور بیورو کریٹ سمجھے جانے والے فواد حسن فواد کے بیچ میٹ رہ چکے ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین نیب اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قائم کیے گئے قومی قرضہ کمیشن کے چیئرمین حسین اصغر بھی ان ہی کے بیچ میٹ ہیں۔

سکندر سلطان راجہ کہاں کہاں تعینات رہے؟

انہوں نے سنہ 1989 میں بطور اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد  ملازمت کا آغاز کیا، بطور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی فرائض سر انجام دیے۔

پارلیمانی کمیٹی کی چیئرپرسن شیریں مزاری کے مطابق حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاق کیا۔ (فوٹو:اے ایف پی)

اس کے علاوہ سیکرٹری پٹرولیم اور سیکرٹری ریلویز کے عہدوں پر بھی تعینات رہے۔  وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹری کے اہم عہدے  پر بھی کام کر چکے ہیں۔
وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اور پاسپورٹ بھی تعینات رہے۔
وزیراعظم عمران خان کے دور میں وہ چیئرمین پاکستان ریلویز اور سیکرٹری ریلویز کے طور پر دسمبر 2019 تک تعینات رہے۔
سکندر سلطان راجہ پانچ سال کے لیے بطور چیف الیکشن کمشنر فرائض سر انجام دیں گے۔ ان کی اہم ذمہ داریوں میں آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات اور سنہ 2023 میں ہونے والی عام انتخابات شامل ہوں گے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں