Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران، ٹرمپ کو ایف اے ٹی ایف پر قائل کرنے میں کامیاب‘

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایف اے ٹی ایف اور پاکستان کے متعلق امریکی سفری ہدایت نامے میں تبدیلی لانے کے معاملے پر صدر ٹرمپ کو قائل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
دفتر خارجہ میں ’اردو نیوز‘ کے ساتھ خصوصی گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈیووس میں ہونے والی ملاقات میں امریکی صدر نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو ٹھوس قرار دیتے ہوئے انہیں تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’صدر ٹرمپ نے اپنے وزیر خزانہ اور باقی 20 افراد کی موجودگی میں کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان کی موجودہ حکومت نے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ ان اقدامت کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ امریکہ کو پاکستان کی حمایت کرنی چاہیے۔‘
شاہ محمود قریشی کے مطابق ’سفری ہدایت نامے کے معاملے پر صدر ٹرمپ نے اپنے مشیر قومی سلامتی رابرٹ اوبرائن کا نام لے کر کہا کہ آپ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے بات کریں کہ وہ ٹریول ایڈوائزی کو تبدیل کریں۔‘
خیال رہے کہ امریکی حکومت کی طرف سے اپنے شہریوں کو یہ ہدایات ہیں کہ وہ پاکستان کا سفر نہ کریں۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں عمران خان ان دونوں معاملات پر ٹرمپ کو قائل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’دورہ امریکہ کے دوران امریکی وزیر خارجہ کو پاکستان سے متعلق امریکی ٹریول ایڈوائزی کے بارے آگاہ کیا۔ ان کے سامنے تین اہم نکات رکھے۔ سب سے پہلا نکتہ یہ تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔ 2006 سے 2019 کی سکیورٹی صورت حال کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو 2019 پرامن ترین سال رہا ہے۔‘
ان کے مطابق اسی وجہ سے اقوام متحدہ نے پاکستان کو نان فیملی سٹیشن سے فیملی سٹیشن میں تبدیل کر دیا ہے جبکہ جاپان اور پرتگال نے اپنی ٹریول ایڈوائزی پر نظرثانی کی ہے۔ جرمنی اور فرانس سمیت کئی دیگر یورپی ممالک بھی ٹریول ایڈوائزی تبدیل کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’امریکہ ہمارے حق میں تبدیلی کرکے ہماری مدد کرے۔‘ فوٹو: اے ایف پی

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ’امریکہ اپنی ٹریول ایڈوائزی پر نظرثانی کرے۔ امریکہ کی جانب سے ٹریول ایڈوائزی میں تبدیلی سے لوگوں کی آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔ باہمی تجارت میں اضافے کے لیے تاجروں کی آمدو رفت ہوگی تو ہی تجارت بڑھ سکے گی۔ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے امریکہ کی ٹریول ایڈوائزی میں تبدیلی لازمی ہے۔ امریکہ ہمارے حق میں تبدیلی کرکے ہماری مدد کرے۔‘
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ’کچھ دن قبل وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان فون پر بات ہوئی تھی۔ وزیراعظم نے انھیں بتایا تھا کہ پاکستان میں اس وقت سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں۔ پاکستان کو 2020 میں سیاحت کے لیے نمبر ون ملک قرار دیا گیا ہے۔‘

شاہ محمود قریشی کے مطابق کچھ دن قبل عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان فون پر بات ہوئی تھی (فوٹو: عرب نیوز)

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنا وفد بھیجیں جو سیاحت کے مواقع اور سرمایہ کاری کا جائزہ لے۔ ابھی جب میں سعودی عرب گیا تو پرنس فیصل سے میری بات ہوئی تو انھوں نے بتایا کہ سعودی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔‘

شیئر: