Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاک سعودی میڈیا اشتراک فائدہ مند ہوگا‘

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے سرکاری میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کی حتمی دستاویزات تیار ہو رہی ہیں اور جلد یہ ادارے مل کر دونوں ملکوں کے بہتر تاثر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کام کریں گے۔
اسلام آباد میں ’اردو نیوز‘ کے ساتھ انٹرویو میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جلد دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم دورہ ہوگا جس کے ذریعے پاکستان اور سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی، ریڈیو اور سرکاری نیوز ایجنسیز کے درمیان پارٹنرشپ کے معاملات طے ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس پر میں بھی کام کر رہی ہوں، اس پر میرے ساتھ سعودی ہم منصب اور سعودی حکام بھی کام کر رہے ہیں اور جلد اس کی حتمی دستاویزات تیار کر لی جائیں گی جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا۔‘
فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اور اسلامی کانفرنس تنظیم کی نیوز ایجنسی کے درمیان تعاون بھی منصوبے میں شامل ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے امیج کو (عالمی سطح پر) بہتر کرنا ہے اور اس پر سب سے پہلے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا ہے۔‘

سال 2019 میں سعودی ولی عہد کے پاکستان کے دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں گرمجوشی دیکھی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

 انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کی سرمایہ کاری کا مرکز بننے جا رہا ہے اور اس حوالے سے سعودی شہریوں کو پاکستان کا اصل چہرہ میڈیا اور بہتر امیج بلڈنگ پروگرامز کے ذریعے متعارف کروایا جا سکتا ہے۔ اسی طرح پاکستان میں سعودی عرب کے امیج کو مزید بہتر کرنے کے لیے بھی میڈیا اہم کردار ادا کرے گا۔
’اس میں دونوں طرف کے ٹیلی ویژنز، ریڈیو اور نیوز ایجنسی اس میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ‘
فردوس عاشق اعوان کے مطابق سعودی عرب کی حکومت اور اس کی مختلف کاروباری کمپنیاں جو پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں انہیں بھی میڈیا کے درمیان تعاون سےمزید آگاہی ملے گی  کیونکہ میڈیا ہی عوامی رابطہ کاری کے ذریعے تعلقات کو آگے بڑھاتا ہے اور فاصلوں کو سیمٹتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب پاکستان کا دوست ہے اس کا بھائی اور اہم اثاثہ ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھی گہرے تعلقات ہیں۔‘
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ فلم سازی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر کام جاری ہے اور جلد اس پر بھی پیش رفت متوقع ہے۔

شیئر: