Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرائیور ٹریفک اہلکار کو بونٹ پر گھماتا رہا

واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہے (فوٹو: ویڈیو امیج)
انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں کار ڈرائیور ٹریفک پولیس اہلکار کو گاڑی کے بونٹ پر بٹھا کر دو کلومیٹر تک گھماتا رہا۔
یہ واقعہ گذشتہ برس نومبر کا ہے، لیکن اس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر اب وائرل ہوئی ہے اور حکام نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس اہلکار سکیورٹی چیک پوسٹ پر ایک کار کو روکنے کی کوشش میں اس کے آگے آئے  لیکن ڈرائیور نے کار ان کے اوپر چڑھا دی اور انہوں نے جان بچانے کے لیے کار کے بونٹ پر چھلانگ لگا دی۔
تاہم کار ڈرائیور پھر بھی نہیں رکا اور وہ انہیں کار کے بونٹ پر بٹھا کر قریب دو کلومیٹر تک گاڑی کو بھگاتا رہا۔
تفصیلات کے مطابق دہلی ٹریفک پولیس کے اہلکار نگلوئی چوک پر گاڑیوں کے کاغذات چیک کر رہے تھے کہ ایک آدمی کار کو الٹی طرف سے لے کر آ رہا تھا۔ پولیس نے آدمی کو رکنے کا کہا اور اس نے سپیڈ کم کی لیکن اچانک بھاگنے کے لیے کار تیزی سے دوڑا دی۔
کار کو روکنے کے لیے ٹریفک اہلکار سنیل نے کار پر چھلانگ لگا دی۔
ملزم نے رکنے کے بجائے سپیڈ بڑھا دی اور کار کو دو کلومیٹر تک بھگاتا رہا۔ کار میں بیٹھے دوسرے شخص نے اس واقعے کی ویڈیو بنائی جس میں پولیس اہلکار کو گاڑی کے بونٹ سے چمٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ملزم کے گرفتار ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے (فوٹو: ویڈیو امیج)

کافی منت سماجت کے بعد ڈرائیور نے سپیڈ کم کی اور سنیل کو بونٹ سے اترنے کی اجازت دیتے ہوئے کار کو ایک دفعہ پھر بھگا کر رفو چکر ہو گیا۔
ٹریفک اہلکار کو معمولی زخم آئے ہیں، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پولیس اس شخص کو پکڑنے میں کامیاب ہوئی یا نہیں۔

شیئر: