Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سڑک پار کرتے فون سننے سے لاکھوں ہلاکتیں

سڑک پار کرتے ہوئے موبائل فون استعمال کرنے کا عام رجحان پایا جاتا ہے۔ فوٹو: ڈیلی میل
آپ نے اکثر لوگوں کو سڑک پار کرتے ہوئے موبائل فون پر میسجنگ کرتے ہوئے ضرور دیکھا ہوگا اور شاید کبھی کسی کو اس دوران حادثے کا شکار ہوتے بھی دیکھا ہو۔
اگر نہیں تو ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سڑک پار کرتے ہوئے اپنے سمارٹ فون پر میوزک سننے، میسجنگ کرنے اور کسی سے بات کرنے کی وجہ سے ہر سال لاکھوں لوگ ہلاک ہو جاتے ہیں۔
یہ ریسرچ ’انجری پریوینشن‘ نامی ایک برطانوی میگزین میں شائع ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’ہر سال روڈ کراس کرتے ہوئے موبائل فون استعمال کرنے سے دنیا میں دو لاکھ 70 ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔‘
ریسرچ میں بتایا گیا ہے کہ سمارٹ فون استعمال کرتے ہوئے لوگوں کا دھیان سڑک سے ہٹ جاتا ہے اور وہ سڑک پار کرتے ہوئے دائیں بائیں نہیں دیکھتے۔
تاہم ریسرچ میں کہا گیا ہے کہ موسیقی سننے اور فون پر بات کرنے کے مقابلے میں پیدل چلنے والوں کے لیے سب سے خطرناک روڈ پار کرتے ہوئے ٹیکسٹ میسج کرنا ہے۔
’پیدل چلتے ہوئے سمارٹ فون یا دیگر ڈیجیٹل آلات کا استعمال اور اس کی وجہ سے سڑک سے دھیان کا ہٹ جانا اب ایک سیفٹی ایشو بن چکا ہے۔‘

’روڈ پار کرتے ہوئے لوگوں کے ہلاک ہونے کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں‘ (فوٹو: سوشل میڈیا)

یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس وجہ سے روڈ پر جاتی ہوئی گاڑیوں اور دیگر افراد کے ساتھ ٹکر ہونے کے چانسز بڑھ جاتے ہیں۔
ریسرچ میں نتیجہ نکالا گیا ہے کہ ’موبائل فون پر سوشل میڈیا، موبائل ایپس، ویڈیوز اور میوزک سننا ہماری زندگی کا حصہ بن گیا ہے اور مستقبل میں روڈ کراس کرتے ہوئے لوگوں کے ہلاک ہونے کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔‘

شیئر: