Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کبڈی: ہر غیر ملکی ٹیم میں انڈین کھلاڑی

پنجاب سٹیڈیم میں نو فروری سے شروع ہونے والا کبڈی کا عالمی کپ 16 فروری کو ختم ہو گا۔ (فوٹو: اردو نیوز)
’میرا نام پال سنگھ ہے اور میں جرمنی کی ٹیم طرف سے کھیل رہا ہوں۔ میں ہندوستان میں پیدا ہوا جبکہ اب جرمنی کا رہائشی ہوں اور ٹیم میں میرا رول جاپی کا ہے۔ کبڈی ہم پنجابیوں کا مادری کھیل ہے۔ پوری دنیا میں جتنی بھی کبڈی کھیلی جا رہی ہے پنجابی ہی کھیل رہے ہیں۔‘
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں شروع ہونے والے کبڈی کے چھٹے ورلڈ کپ کا آغاز ہوا تو افتتاحی تقریب میں تمام کی تمام دس ٹیمیں میدان میں اتریں تو کچھ کو چھوڑ کر تقریبا سبھی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی شکلیں ملتی جلتی تھیں۔
 
جرمنی کی ٹیم کی شرٹ پہنے پہلوان پنجابی میں گفتگو کر رہے تھے۔ گپ شپ کے دوران پال سنگھ نے بتایا کہ جتنی ٹیمیں ہیں ان میں آپ کو پنجابی ہی نظر آئیں گے۔ سوائے سیرالیون اور ایران کی ٹیموں کے۔ ایک سوال کے جواب میں کہ ایسا کیوں ہے؟ پال سنگھ کا کہنا تھا ’پہلی بات تو یہ ہے کہ کبڈی کھیل ہی پنجابیوں کا ہے اور بھارتی پنجاب میں آج بھی یہ کھیل بہت مقبول ہے۔ تو جس جس ملک میں بھی بھارتی پنجابی رہ رہے ہیں تو انہوں نے وہاں بھی اس کھیل کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جرمنی، کینیڈا، آسٹریلیا، آذر بائیجان، امریکا، برطانیہ سب ٹیمیوں میں پنجابی ہی کھیل رہے ہیں۔‘
افتتاحی تقریبا شروع ہونے سے پہلے تمام ٹیموں نے گراونڈ کا چکر لگایا اور شائقین سے داد سمیٹی۔ اس دوران پنجابی اسٹیڈیم میں پنجابی نغمے گونج رہے تھے۔

پہلا میچ پاکستان اور کینیڈا کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو کہ پاکستان نے جیت لیا (فوٹو: اردو نیوز)

پنجاب سٹیڈیم میں نو فروری سے شروع ہونے والا کبڈی کا عالمی کپ 16 فروری کو ختم ہو گا۔ جبکہ ایونٹ کے کچھ میچز فیصل آباد اور گجرات میں بھی رکھے گئے ہیں تاہم فائنل لاہور میں ہی ہو گا۔
ایونٹ کے آغاز پر سٹیڈیم میں بڑی تعداد میں شائقین پہنچے شاید اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ٹکٹس کے بغیر بھی لوگوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جارہی تھی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب کے وزیر اعلی سردار عثمان بزدار تھے جبکہ ان کے ساتھ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی بھی موجود تھے۔
پہلا میچ پاکستان اور کینیڈا کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو کہ پاکستان نے جیت لیا۔ پاکستان نے 64 جبکہ کینیڈا نے 24 پوائنٹس حاصل کیے۔
اسی طرح دوسرے میچ میں ایران نے سرالیون کو شکست دی۔ کبڈی کے دفاعی چیمپئن بھارت کا مقابلہ جرمنی سے دس فروری کو ہو گا۔

میگا ایونٹ کے تمام میچ پنجاب کے ہی مختلف شہروں میں رکھے گئے ہیں (فوٹو: اردو نیوز)

خیال رے کہ یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ پاکستان میں کبڈی کا ورلڈ کپ منعقد ہوا ہے۔ میگا ایونٹ کے تمام میچ پنجاب کے ہی مختلف شہروں میں رکھے گئے ہیں۔
چونکہ زیادہ تر ٹیموں میں انڈیا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ہیں ان میں ایک چیز کی خوشی دیکھنے میں آئی کہ وہ پاکستان آئے ہیں اور اسی بہانے ان کو ننکانہ صاحب جانے کا موقع ملے گا۔
پال سنگھ کا کہنا تھا کہ ویسے کبھی پاکستان کا ویزہ ملتا یا نہ ملتا لیکن اس ورلڈ کپ کی وجہ سے انہیں پاکستان آنے کا موقع ملا ہے اور وہ ننکانہ صاحب ضرور جائیں گے۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے ایسے تمام کھلاڑی جو ٹورنامنٹ کے بعد ننکانہ صاحب جانا چاہتے ہیں ان کے لئے سپیشل انتظامات کر رکھے ہیں۔

شیئر: