Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: میٹر پر تالہ لگا کر لوٹنے کی وارداتیں

حکام کے مطابق مجرموں کی گرفتاری کی کوششیں شروع کر دی ہیں، فوٹو: سوشل میڈیا
کراچی میں گذشتہ چند روز سے ایک جرائم پیشہ گروہ سرگرم ہے جو  لوگوں کے گھروں کے گیس میٹرز پر مخصوص تالے یا لاک لگا دیتا ہے اور بعدازاں اس لاک کو کھولنے کے لیے شہریوں سے رقم کا تقاضا کیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہرِ قائد میں میں گیس میٹرز پر تالے لگا کر عوام سے ہزاروں روپے ٹھگنے والا ایک گروہ متحرک ہے۔
یہ گروہ مختلف علاقوں میں رات کے وقت کارروائی کرتا ہے اور لوگوں کو بلوں کی عدم ادائیگی کا کہہ کر میٹر پر تالے لگا دیتا ہے اور ساتھ ہی اپنے موبائل نمبر کی پرچی بھی پھینک جاتا ہے۔
ترجمان سوئی سدرن گیس شہباز اسلام کے مطابق ’متاثرہ شہری جب اس نمبر پر کال کرتا ہے تو اسے موبائل فون کے ذریعے پیسوں کی ادائیگی کا کہا جاتا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ ’ایس ایس جی سی ایل کا عملہ رات کو کسی قسم کی کارروائی نہیں کرتا۔‘
گیس میٹر کی بندش کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے شہباز اسلام کا کہنا تھا کہ ’سوئی سدرن کا عملہ کوئی کنکشن منقطع کرنے یا تالا لگانے سے قبل صارف یا گھر کے مالک سے دن کی روشنی میں دروازا کھٹکھٹا کر ادا شدہ بل کی کاپی مانگتا ہے۔‘
ایس ایس جی سی کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ابھی تک کسی صارف نے باضابطہ طور پر اس حوالے سے شکایت درج نہیں کروائی تاہم سوشل میڈیا پر مختلف لوگوں کی پوسٹس دیکھ کر ادارے کو معاملے کی سنگینی کا احساس ہوا۔‘
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ’ایس ایس جی سی کے انٹیلی جنس حکام نے پولیس کے تعاون سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔‘

حکام کے مطابق گروہ رات کو کارروائی کرتا ہے اور گیس میٹرز پر مخصوص تالے لگا دیتا ہے

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے گذشتہ چند روز میں متعدد لوگوں نے اس گروہ کی سرگرمی کے حوالے سے پوسٹس شیئر کیں۔ ان کے مطابق پچھلے ایک ہفتے میں اس گروہ نے مختلف علاقوں میں میٹرز پر تالہ لگانے کی کوشش کی۔
صارف شاہ زیب شوکت کے مطابق ’یہ گروہ گیس میٹرز پر مخصوص قسم کے لاک لگا دیتا ہے اور ساتھ ہی ایک پرچی بھی چھوڑ جاتا ہے جس پر موبائل نمبر درج ہوتا ہے۔
ان کے مطابق جب اس نمبر پر کال کی جاتی ہے تو فون سننے والا شخص اپنا تعارف سوئی گیس اہلکار کے طور پر کرواتا ہے اور کہتا ہے کہ ’پرچی پر درج جرمانے کی آدھی رقم موبائل ٹرانسفر کر دی جائے تو لاک کھول دیا جائے گا جبکہ بقایا رقم ماہانہ بل میں وصول کی جائے گی۔‘
سوئی سدرن کے ترجمان نے اس حوالے سے عوام الناس اور گیس صارفین سے اپیل کی ہے کہ ’اگر رات یا دن میں کوئی بھی شخص سوئی گیس اہلکار بن کر گیس میٹر بند کرنے اور رقم کا مطالبہ کرے تو اس کی اطلاع فوراً  کمپنی کی ہیلپ لائن 1199  یا 03238213346 یا کمپنی کی ای میل [email protected] پر کریں۔ 

شیئر: