Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 کویتی خاتون کو گلدستہ خریدنا مہنگا پڑ گیا

چور خاتون کو گلدستے کے انتخاب میں مگن دیکھ کر گاڑی لے اڑا (فوٹو: الرای)
کویت میں ایک خاتون کو گلدستہ خریدنا مہنگا پڑ گیا اور اسے گاڑی سے ہاتھ دھونا پڑے۔
الجابریہ کے علاقے میں کویتی خاتون گلاب فروش کی دکان کے سامنے کار پارک کر کے گلدستے کا انتخاب کر رہی تھی۔ گاڑی پاس ہی سٹارٹ کھڑی تھی۔ چور خاتون کو گلدستے کے انتخاب میں مگن دیکھ کر گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔
کویتی جریدے الرای نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ’خاتون نے الجابریہ کے علاقے میں گلاب فروش کی دکان کے سامنے گاڑی پارک کی جو سٹارٹ تھی۔ چند قدم پیدل چل کر دکان میں داخل ہوئیں۔ گلدستے کے پیسے ادا کر کے جب گاڑی کی جانب بڑھیں تو وہاں گاڑی نظر نہ آئی۔انہیں بتایا گیا کہ ایک شخص ان کی گاڑی لیکر فرار ہو گیا ہے‘۔
کویتی خاتون فوری طور پر الجابریہ پولیس سٹیشن پہنچیں اور مسروقہ کار کی تفصیلات ریکارڈ کرائیں۔ پولیس نے معاملہ خفیہ ادارے کے سپرد کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ خلیجی ممالک میں تجارتی مراکز، مالز اور دکانوں کے سامنے سے سٹارٹ حالت میں گاڑیاں چوری ہونے کے واقعات وقتاً فوقتاً ہوتے رہتے ہیں۔
خلیجی ممالک کی پولیس مقامی شہریوں اور یہاں مقیم غیر ملکیوں کو تنبیہ کرتی رہتی ہے کہ کبھی گاڑی سٹارٹ حالت میں چھوڑ کر شاپنگ نہ کی جائے۔ چور اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

شیئر: