Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'کورونا ختم ہونے تک ایران سےپابندیاں ہٹائیں'

کورونا سے ایران میں ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے بڑھ گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والے بحران میں مدد کے لیے ایرانی صدر حسن روحانی کی جانب سے خط ملنے کے بعد پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے خاتمے تک ایران پر عائد معاشی پابندیاں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اٹھا لی جائیں۔
ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ ایران کے لوگ کورونا وبا کے باعث ناقابل بیان مشکلات کا شکار ہیں اور پابندیوں کے باعث وبا کے خلاف ایرانی حکومت کی کوششیں کمزور ہوتی جا رہی ہیں۔ 
انہوں نے صدر ٹرمپ سے انسانی بنیادوں پر پابندیاں ہٹانے کی درخواست کی۔
اس سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی کی جانب سے 14 مارچ کو وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا گیا تھا جس میں امریکی پابندیاں ہٹانے کے حوالے سے کردار ادا کرنے کی درخواست اور کورونا کے تناظر میں امداد کی اپیل کی گئی تھی۔ 
پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اپوزیشن رہنما اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے نام خط میں بھی امریکی پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے کردارادا کرنے کی اپیل کی تھی۔
خط میں کہا گیا تھا کہ ایران کو کورونا سے نمٹنے کے لیے ضروری سازوسامان درکار ہے، تاہم امریکی پابندیوں کی وجہ سے مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اس وقت ایران میں کورونا سے ہونے والی اموات کی بنیادی وجہ ضروری سامان اور ادویات کی عدم دستیابی ہے اور یہ پابندیاں بنیادی انسانی حقوق اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ چین، اٹلی اور سپین کے بعد کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والوں ملکوں میں ایران بھی شامل ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 129 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی کُل تعداد 16 سو 85 ہوگئی ہے، جبکہ مریضوں کی تعداد 21 ہزار 638 ہو چکی ہے۔
امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایرانی معیشت پہلے ہی غیر مستحکم تھی، لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اسے ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے۔

شیئر: