Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مزید احتیاطی تدابیر کا حکم: مکہ، مدینہ اور ریاض میں کرفیو

شاہ سلمان نے گذشتہ جمعرات کو عوام سے خطاب میں کہا تھا کہ کورونا سے نمٹنے کا اگلا مرحلہ زیادہ مشکل ہو گا (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے کورونا وائرس کے انسداد کے لیے اختیار کرنے والی احتیاطی تدابیر مزید سخت کرتے ہوئے ملک کے تمام ریجنوں کے رہائشیوں کے ایک ریجن سے دوسرے ریجن آنے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ 
ریاض، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ داخلہ اور خارجہ پر مکمل پابندی ہوگی نیز مذکورہ شہروں میں کرفیو کا وقت دوپہر 3 بجے سے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی پریس ایجنسی ( واس) کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے شاہی فرمان جاری کرتے ہوئے نئے اقدامات کی منظوری دی ہے۔
شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب کے 13 ریجنوں کے رہائشی اپنے اپنے ریجن میں رہیں گے، ایک ریجن کا رہائشی دوسرے ریجن میں نہیں جائے گا‘۔
شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ ’کسی بھی ریجن میں کسی دوسرے ریجن کے رہائشی کے داخلے پر مکمل طور پر پابندی ہے‘۔
شاہی فرمان میں ریجنوں میں آنے جانے کی پابندی کے علاوہ خاص طور پر ریاض، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے خصوصی اقدامات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’ریاض، مکہ مکرمہ اور مدینہ آنے جانے پر مکمل پابندی ہوگی، تینوں شہروں کے رہائشی شہر سے باہر نہیں جاسکتے نہ کوئی باہر سے شہر میں داخل ہوسکتا ہے‘۔
شاہی فرمان کے مطابق ’مذکورہ شہروں کے حدود کا تعین جہاں فیصلے کا نفاذ ہوگا متعلقہ ادارہ کرے گا جس کے ذمہ شہروں کے حدود کا تعین ہے‘۔
شاہی فرمان میں کہا ہے کہ ’مذکورہ تینوں شہروں ( ریاض، مکہ اور مدینہ )  میں کرفیو دوپہر 3 بجے سے لاگو ہوگا‘۔
شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ ’مذکورہ فیصلے پر نفاذ جمعرات 26 مارچ سے سابقہ شاہی فرمان میں مقرر کیے گیے وقت تک ہوگا جس کا تعین 27 رجب تک کیا گیا ہے‘۔
شاہی فرمان کے مطابق ’کرفیو سے استثنی انہی لوگوں کو ہوگا جنہیں سابقہ شاہی فرمان میں استثنی دیا گیا ہے تاہم اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کرفیو سے استثنی انتہائی محدود اور ناگزیر حالات میں ہی دیا جائے گا‘۔
شاہی فرمان میں کہا گیا ہے ’ریاض، مکہ مکرمہ اور جدہ میں کرفیو کی مدت میں توسیع وزارت صحت اور متعلقہ اداروں کے حکام کی تجویز پر کی جا رہی ہے، حالات کے مطابق وہ کرفیو کے وقت میں مزید توسیع یا دن بھر مکمل کرفیو لاگو کرنے کا بھی اختیار رکھتے ہیں‘۔
شاہی فرمان کے مطابق ’کورونا وائرس کے انسداد کے لیے ان ضوابط پر عمل جمعرات 26 مارچ سے کیا جائے گا‘۔

شیئر:

متعلقہ خبریں