Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا سے مزید آٹھ ہلاک، 1652 افراد متاثر

پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 23 افراد ہلاک ہوچکے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں پیر کے دن کورونا وائرس سے مزید آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ 
ان اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد پنجاب میں اس مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد نو ہوگئی ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں سے دو کا تعلق راولپنڈی جبکہ ایک مریض کا تعلق لاہور سے تھا۔
وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کراچی میں کورونا وائرس سے مزید تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرنے والے مریضوں کی عمریں 52 ،63 اور 66 سال تھیں۔
صوبائی وزیرِ صحت کے مطابق 63 سالہ خاتون کا تعلق کراچی سے تھا اور وہ دس دن قبل سعودی عرب سے واپس پہنچی تھیں۔
66 سالہ مریض کو گردوں کا عارضہ تھا اور ان کا ڈائیلاسز ہوتا تھا جبکہ 52 سالہ مریض کو سانس کی بیماری تھی۔
ان اموات کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔
کراچی میں کورونا وائرس کے 21 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 249 پوگئی ہے۔
حیدرآباد میں اس مہلک وائرس کے پانچ جبکہ جیکب آباد میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
سندھ میں اس وقت کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 535 ہوچکی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک سو باون ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق نئے کیسز میں سے پانچ مقامی سطح پر منتقلی کے ہیں۔

 پنجاب میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد نو ہوگئی ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)

بلوچستان کے ضلع گوادر میں فوکل پرسن ڈاکٹر عبدالواحد نے کہا ہے کہ پیر کو شہر میں کورونا کے مشتبہ مریض کی ہلاکت کے بعد موقع پر موجود افراد اور متوفی کے رشتہ داروں 14 دن کے لیے قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔
اب تک کورونا وائرس  سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ پنجاب ہے جہاں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 593  ہو چکی ہے۔ 
صوبہ سندھ  میں 535 جبکہ خیبر پختونخوا میں اب تک 195 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس  کے 128، بلوچستان میں 144، اسلام آباد 51 جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا وائرس کے چھ مریض سامنے آئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا سے اب تک پنجاب میں نو، خیبر پختونخوا میں پانچ، سندھ میں چھ، بلوچستان میں ایک اور گلگت بلتستان میں دو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گلگت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال پر مامور ڈاکٹر بھی ہلاک ہونے والے افراد میں شامل ہیں۔
دوسری جانب اتوار کو اسلام آباد کے پولی کلینک میں دو ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد 28 ڈاکٹرز کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

شیئر: