Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لوگ انٹرنیٹ پر کیا سرچ کر رہے ہیں؟

وبا اور صحت سے متعلق چیزیں سب سے زیادہ سرچ کی گئیں (فوٹو سوشل میڈیا)
موجودہ  صورت حال میں انٹرنیٹ کا استعمال بڑھنا تو کوئی نئی بات نہیں رہا البتہ بہت سوں کے لیے یہ سوال اب بھی باقی ہے کہ لوگ انٹریٹ پر کیا سرچ کر رہے ہیں؟
انٹریٹ پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سرچ انجن گوگل کی جانب سے وقتا فوقتا اپنے صارفین کی سرچنگ پریکٹس سے متعلق اعداد و شمار شیئر کیے جاتے ہیں۔ مارچ 2020 کا جاری کردہ ڈیٹا اس لیے خاص ہے کہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کورونا وائرس سے دنیا کے بیشتر ملکوں میں شہریوں کے معمولات متاثر ہوئے تو انٹرنیٹ صارفین پر اس کا کیا اثر پڑا ہے۔
گوگل کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر، علاج، ان ڈور مشغلے، انٹرٹینمنٹ اور عالمی وبا سے بچاؤ سے متعلق آرٹیکلز انٹرنیٹ سرچز میں نمایاں رہے ہیں۔
خود کو فٹ رکھنے کے خواہشمندوں نے جہاں گھروں پر رہتے ہوئے فٹنس کے طریقوں میں دلچسپی دکھائی وہیں وہ فیلڈ کے مشہور افراد کے لائیو سیشنز میں بھی دلچسپی لیتے رہے۔
معاملہ چونکہ انسانی صحت کو متاثر کرنے والی وبا کا ہے اس لیے دنیا کے مختلف حصوں میں صحت سے متعلق سرچز سب سے نمایاں رہیں۔
عالمی طور پر سب سے زیادہ سرچ کیے گئے کی ورڈز میں کووڈ 19، کورونا وائرس ٹپس، ہینٹا وائرس، کورونا وائرس یو کے اور کورونا وائرس اپ ڈیٹس نمایاں رہے۔ جب کہ سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ٹاپکس میں کووڈ، الیکٹرونکس مینوفیکچرر، کیوبٹ، ہینڈ سینیٹائزر، کوارینٹائن اور کورونا نمایاں رہے۔
پاکستانی انٹریٹ صارفین مارچ کے مہینے میں مجموعی طور پر موضوعات میں کورونا وائرس، ورلڈومیٹرز، قرنطینہ، گوگل کلاس روم، وائرس، لاہور قلندرز اور اذان کو سب سے زیادہ سرچ کرتے رہے۔

کی ورڈز سرچ میں پاکستانی صارفین نے ماروی سرمد، نوروز، ہینٹا وائرس، پاکستان میں کورونا کیسز، کوارنٹائن ان اردو، پی ایس ایل 2020 پوائنٹس ٹیبل کو سب سے زیادہ سرچ کیا۔
پاکستانیوں نے صحت و انٹرٹینمنٹ کی کیٹیگریز میں ہینڈ سینیٹائزر، قرنطینہ، قرنطینہ کے متعلق 2008 کی ایک فلم، عہد وفا ڈرامے، زوم وڈیو کال ایپلیکیشن، کورونا وائرس جیسے موضوعات کو گوگل سرچ انجن میں تلاش کیا۔

گوگل کے مطابق کورونا وائرس کے بعد کی صورت حال میں مارچ کے دوران سرچز کے متعلق رویہ اپریل کی ابتدا میں بھی برقرار ہے اور صارفین مرض، لاک ڈاؤن اور اس سے وابستہ امور جاننے کے خواہاں دکھائی دیتے ہیں۔

چند روز قبل پاکستان میں انٹرنیٹ ٹریفک ریگولیٹری ادارے پاکستان ٹیلی کیمونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں انٹرنیٹ کا استعمال 15 فیصد بڑھنے کی اطلاع دی تو انٹرنیٹ پروائیڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اس میں 30 فیصد تک اضافہ تسلیم کیا تھا۔ اردو نیوز سے گفتگو میں ایسوسی ایشن کے کنوینیئر وہاج السراج کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کا استعمال 70 فیصد بڑھا ہے۔

شیئر: