Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلط نمبر کا چشمہ لگانے سے آپ کو کن کن مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے؟

غلط نمبر کا چشمہ مسلسل استعمال کرنے سے انسان کی بینائی مزید خراب ہو سکتی ہے (فائل فوٹو: آئی سٹاک)
بہت سے افراد بینائی (دیکھنے کی صلاحیت)کے مختلف مسائل کا شکار ہوتے ہیں جو اُن کی پڑھائی، ڈرائیونگ یا چہروں کو پہچاننے جیسی روزمرہ کی سرگرمیوں کو متاثر کرتے ہیں، اور ایسے افراد کے لیے ڈاکٹرز چشمہ (عینک) تجویز کرتے ہیں۔ 
این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ سٹوری میں بتایا گیا ہے کہ قریب کی نظر یا دُور کی نظر جیسے امراض کا شکار افراد کے لیے دُرست نمبر کی عینک لگانا اُن کے دیکھنے کی صلاحیت اور اُن کے معیارِ زندگی کو بہتر بناتے کے لیے ضروری ہے۔ 
تاہم جب لوگ اپنی بینائی کی ضرورت کے مطابق لینز یا چشمہ استعمال نہیں کرتے تو انہیں کئی طرح کے مُضر اثرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
غلط چشمہ لگانے کے نتائج
کسی شخص یا چیز کو واضح اور صاف طور پر دیکھنے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں آنکھیں ایک ساتھ کام کریں اور اُن کی بینائی بھی قریباً برابر ہو۔
ایک یا دونوں آنکھوں میں غلط نمبر کا چشمہ لگانے سے انسان کی بینائی کمزور ہو سکتی ہے اور دونوں آنکھوں کے مل کر کام کرنے کا عمل بھی متاثر ہو سکتا ہے۔
ماہرین امراضِ چشم کا کہنا ہے کہ اس کے نتیجے میں افراد یا اشیا کو پہچاننے اور ان کی موجودگی کے بارے میں غلط اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ 
اس کے علاوہ اس سے آنکھوں پر نہ صرف مسلسل دباؤ بڑھ سکتا ہے بلکہ سر درد اور آنکھوں کی تھکن  بھی ہو سکتی ہے اور کم توجہی، کام میں رُکاوٹ اور چڑچڑاپن جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
وقت کے ساتھ، اگر کوئی شخص غلط نمبر کا چشمہ استعمال کرتا رہے تو اُس کی بینائی مزید خراب ہو سکتی ہے۔ اگرچہ عینک خود بینائی کو براہِ راست خراب نہیں کرتی، لیکن آنکھوں پر مسلسل دباؤ سے بینائی میں تیزی سے کمی کا سبب ضرور بن سکتی ہے۔
غلط نمبر کا چشمہ لگانے سے درج ذیل مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
1۔ آنکھوں کی تھکن
غلط نمبر کا چشمہ آنکھوں کو توجہ مرکوز کرنے کے لیے زیادہ محنت کرنے پر مجبور کرتا ہے جس سے انسان کو تھکاوٹ اور تکلیف محسوس ہوتی ہے۔

غلط نمبر کا چشمہ استعنمال کرنے سے انسان کو تھکاوٹ اور تکلیف محسوس ہوتی ہے (فائل فوٹو: آئی سٹاک)

2۔ سر درد
اگر آپ اپنی بینائی کے مطابق چشمے کا زیادہ عرصے تک استعمال کرتے ہیں تو اس سے آنکھوں کے پٹھوں پر مسلسل تناؤ کی وجہ سے سر درد کی شکایت ہو سکتی ہے۔
3۔ دُھندلاپن 
غلط نمبر کی عینک لگانے سے آپ کو ’دُھندلےپن‘ کے مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے، اور آپ کے لیے کسی چیز یا شخص کو صاف طور پر دیکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
4۔ چکر آنا 
غلط نمبر کا چشمہ استعمال کرنے سے بعض افراد کو سر میں چکر آسکتے ہیں اور انہیں عدم توازن کا احساس ہو سکتا ہے۔
غلط نمبر کے چشمے کی پہچان کیسے کی جائے؟
اگر کسی شخص نے بینائی کمزور ہونے کے بعد غلط نمبر کا چشمہ لگا رکھا ہے تو اسے کسی چیز پر توجہ مرکوز کرنے میں دُشواری کا سامنا ہو گا۔
اس کے علاوہ اگر آپ کسی شخص یا چیز کو دیکھنے کی کوشش کریں گے تو آپ کی دونوں آنکھیں یا ایک آنکھ بار بار جُزوی طور پر بند ہوتی رہے گی۔
غلط نمبر کی عینک لگانے سے آپ باقاعدگی سے سر درد کی شکایت کریں گے اور رات کو دیکھنے میں بھی مشکل پیش آئے گی۔ 
 

شیئر: