کون سی سادہ تراکیب پر عمل کر کے جلد کی حفاظت کی جا سکتی ہے؟
سکن کیئر بڑھتی عمر کے اثرات ختم کر سکتی ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
سکن کیئر یعنی جلد کی حفاظت کی دنیا میں بعض افراد کے لیے ریٹینول، اے ایچ اے (اے ایچ ایس) اور بی ایچ اے (بی ایچ اے) جیسے الفاظ خوف ناک لگ سکتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یوں تو درجنوں انفلوئنسرز کی طرف سے جلد کی حفاظت کی روٹین شیئر کی جاتی ہے لیکن ابتدائی طور اس عادت کو اپنانے والے نئے افراد کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہوتا ہے کہ وہ کہاں سے شروع کریں اور ان کی جلد کے لیے کیا موزوں ہے۔
اس مشکل کو آسان بنانے کے لیے ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر گروین وڑائچ نے سادہ تراکیب شیئر کی ہیں جن پر عمل کر کے سکن کیئر کی شروعات کی جا سکتی ہے۔
ان کے مطابق تل آئل والی یا مہاسوں کی شکار جلد کے لیے سب سے پہلا اور محفوظ انتخاب سیلیسیلک ایسڈ ہے جو عام طور پر فیس واش کی شکل میں استعمال ہوتا ہے۔
نئے افراد کو چاہیے کہ اسے ہفتے میں دو سے تین مرتبہ صرف چند سیکنڈ کے لیے استعمال کریں مگر ریٹینول (وٹامن اے کے سیرم) کے ساتھ ایک ہی دن نہ لگائیں۔
اسی طرح ایزیلائیک ایسڈ ایک نہایت نرم جزو ہے جو 10 فیصد سے کم مقدار میں صبح یا رات کسی بھی وقت جلد پر استعمال کیا جا سکتا ہے اور حساس، مہاسوں والی اور خراب رنگت والی جلد کے لیے فائدہ مند ہے۔
بڑھتی عمر کے آثار یا کھردری جلد کے لیے ریٹینول بہترین مانا جاتا ہے لیکن ابتدا میں 0.2 سے 0.5 فیصد والی کریم ہفتے میں صرف دو بار رات کو استعمال کرنی چاہیے اور اس کے ساتھ موئسچرائزنگ اور روزانہ سن سکرین لگانا لازمی ہے۔
گلیکولک ایسڈ بھی نئے افراد کے لیے پانچ سے آٹھ فیصد کی مقدار میں مناسب ہے جسے ہفتے میں ایک یا دو مرتبہ رات کو استعمال کرنے کے بعد موائسچر لگانا ضروری ہے۔
نیا سینامائیڈ وہ عنصر ہے جو ہر جلد اور ہر نئے شخص کے لیے سب سے آسان اور محفوظ ہے اور دو سے پانچ فیصد تک روزانہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر کے مطابق اگر سکن کیئر آہستہ آہستہ اور سمجھ داری سے شروع کی جائے تو ابتدا میں بھی ریٹینول، اے ایچ اے ایس اور بی ایچ اے ایس جیسے اجزا سے بغیر کسی نقصان کے بہترین فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
