Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر میں کورونا کے 10 لاکھ مریض

فرانسیسی وزیراعظم نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا امکان ظاہر کیا ہے (ٖفوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 10 لاکھ جبکہ مرنے والے افراد کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو دنیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 2 ہزار 159 تک پہنچ گئی ہے۔
امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 915 ہو گئی ہے جن میں جمعرات کو ہونے والی 760 نئی اموات بھی شامل ہیں جبکہ سپین میں وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
امریکہ کورونا سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں ہلاک افراد کی تعداد 5 ہزار 316 ہو چکی ہے۔امریکہ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 462 ہو چکی ہے۔
 اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے چند روز قبل واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ملک میں ’انتہائی تکلیف دہ دو ہفتے‘ آنے والے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سنیچر کی رات ٹیلی ویژن پر خطاب میں کہا تھا کہ 'امریکہ میں دو ہفتے بعد کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی شرح بڑھ سکتی ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ ’ایسٹر کے دوران ہلاکتیں سب سے زیادہ ہوں گی۔‘
نیو یارک کے میئر کا کہنا تھا کہ 'ہسپتالوں میں گنجائش تین گنا بڑھانا پڑے گی۔'
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلنے سے نیویارک مکمل طور پر بدل گیا ہے اور سڑکوں اور پارکوں میں ویرانی ہے جبکہ نظر آنے والے چند افراد نے ماسک پہنے رکھے ہیں۔ 

امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار سے زائد ہو چکی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اے ایف پی کے مطابق جرمنی میں کورونا وائرس کے 84 ہزار 264 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہزار 99 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ چین جہاں سے گذشتہ برس اس وبا کا آغاز ہوا میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 84 ہزار 264 ہے جبکہ 3 ہزار 318 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
فرانس میں کورونا وائرس سے 4 ہزار 503 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بیلجیئم میں ایک ہزار 11 اور ہالینڈ میں 3 ہزار 339 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 160 ہو چکی ہے۔
اخبار دی گارڈین نے برطانوی محکمہ صحت کے حوالے سے بتایا کہ ملک کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 2 ہزار 921 ہو گئی ہے، ایک لاکھ 63 ہزار 194 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے تھے جن میں سے 33 ہزار 718 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

اٹلی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 915 ہو گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

وزیر صحت میٹ ہینکاک نے اپنی حکومت کی حکمت عملی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 'ہم امید کر رہے ہیں کہ رواں ماہ کے آخر تک ہم روزانہ ایک لاکھ افراد کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لیں گے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'ہم نے ابھی تک نیشنل ہیلتھ سروس سٹاف کے صرف 5 ہزار ارکان کا ٹیسٹ کروایا ہے۔'
دوسری جانب فرانس کے وزیراعظم ایڈورڈ فلپ نے ملک میں 15 اپریل تک جاری پابندیوں میں مزید توسیع کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
فرانسیسی ٹی وی چینل 'ایف ٹی ون' سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'فرانس نے 17 مارچ کو لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا اور پہلے دو ہفتوں کے لاک ڈاؤن میں پہلے ہی 15 اپریل تک توسیع ہو چکی ہے۔'

کورونا وائرس سے دنیا کے 188 ممالک متاثر ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دی گارڈین میں لکھے گئے اپنے ایک کالم میں وبا کے خلاف مربوط عالمی ردعمل دینے پر زور دیا ہے۔

شیئر: