Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’الف‘ کے دادا جان اور ’آنگن‘ کی زیتون بانو کی شادی کے چرچے

سینیئر پاکستانی اداروں کی شادی پر نئے جوڑے کو خوب سراہا گیا (فوٹو سوشل میڈیا)
پچاس سال سے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اداکاری، ہدایتکاری اور دیگر شعبوں سے منسلک رہنے والی ثمینہ احمد نے طویل عرصے سے اسی شعبے میں موجود منظر صہبائی سے شادی کی تو نیا جوڑا سوشل میڈیا ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بن گیا۔
کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے دوران بہت سے دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح شوبز انڈسٹری اور اس سے وابستہ افراد بھی نسبتا خاموش محسوس ہو رہے تھے، تاہم دونوں اداکاروں کی شادی نے اسے گفتگو کا مرکزی موضوع بنا دیا۔
خبر سامنے آنے کے بعد شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد ہی نہیں بلکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک، انسٹا گرام اور ٹوئٹر پر موجود صارفین نے ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کو شادی پر ڈھیروں مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حمزہ کلیم نامی صارف نے دونوں کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’نکاح اپنی محبت کے اظہار کا بہترین طریقہ ہے۔‘

دونوں کو شادی کی مبارکباد دینے والوں نے ان کے پروفیشنل کیریئر سے متعلق یادیں بھی تازہ کیں۔ سعدیہ سکندر نامی ایک صارف نے لکھا ’دونوں نے خوبصورت جوڑا بنایا ہے‘۔ انہوں نے ثمینہ احمد کے ڈراموں آنگن، سنو چندا اور منظر صہبائی کے الف میں دادا جی کے کردار کو بھی یاد کیا۔

منیب صدیقی نے اپنی ٹویٹ میں دونوں کی شادی کی اطلاع دیتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔

شادی کا ذکر ہوا تو اب تک کنوارے رہنے والوں کی ہمت بڑھانے کی کوشش بھی کی گئی۔ عائشہ نامی صارف نے پاکستانی اداکارہ کبری خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’الف کے ہر کردار کی شادی ہو گئی ہے۔ منظہر صہبائی نے ثمینہ احمد سے شادی کی، حمزہ علی عباسی نے نمل خاور سے شادی کی، سجل علی اور احد رضا میر کی شادی ہو گئی ہے، اب کبری خان آپ کی باری ہے۔‘

تمغہ حسن کارکردگی حاصل کرنے والی ثمینہ احمد اور ان کے شوہر منظر صہبائی دونوں اپنی عمر کی ساتویں دہائی میں موجود ہیں۔
ثمینہ احمد اور منظرصہبائی کی شادی رواں ماہ اپریل کی چار تاریخ کو کراچی میں ہوئی ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: