Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ وہ ہیں جنہوں نے میرا بچپن یادگار بنایا‘

ٹام اینڈ جیری کئی نسلوں کا بچپن پرلطف بنانے والی کارٹون سیریز شمار ہوتی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
ہر تخلیق کار کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی پیش کی گئی چیز کامیابی حاصل کرے لیکن کامیابی کی یہ منزل ہر ایک کو حاصل نہیں ہوتی کہ اس کا پیش کردہ خیال قبولیت عام حاصل کر سکے۔
جین ڈیچ ایک ایسے تخلیق کار تھے جنہوں نے اپنی زندگی میں ٹام اینڈ جیری اور پوپیے سمیت کئی کردار پیش کیے جنہوں نے ہر عمر کے افراد کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والے اینیمیٹر کا 95 برس کی عمر میں انتقال ہوا تو سوشل میڈیا صارفین نے نہ صرف ان سے متعلق یادیں تازہ کیں بلکہ بہت سے صارفین کے بچپن کو مزاح سے بھرنے  پر انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
دنیا کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے صارفین نے جین ڈیچ کی اپنے کرداروں ٹام اینڈ جیری کے ہمراہ بنائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور مشہور کارٹونز سیریز سے متعلق اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔
ایمان نامی ٹوئٹر صارف نے ایسی ہی ایک ٹویٹ میں لکھا ’یہ وہ ہیں جنہوں نے میرا بچپن یادگار بنایا۔ آپ کا بہت شکریہ۔‘
 

پاکستان میں اپوزیشن جماعت ن لیگ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے اپنے جذبات شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ اب بھی ٹام اینڈ جیری دیکھنا پسند کرتے ہیں۔‘

مبشر نامی صارف نے اپنی افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’اپنے بچپن میں بیشتر وقت ٹیلی ویژن کے سامنے ٹام اینڈ جیری دیکھتے گزرتا تھا۔ آج اندازہ ہوتا ہے کہ یادیں پرانی بھی ہو جائیں تو دل میں اپنی جگہ بنائے رکھتی ہیں۔ جین ڈیچ ہم آپ کو مس کرتے رہیں گے، آپ بے شمار مسکراہٹوں اور خوشیوں کے پس پردہ شخصیت ہیں۔‘
 

کستوری سکپال نامی صارف نے ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ’وہ پہلے اینیمیٹر تھے جنہوں نے اکیڈمی ایوارڈ جیتا۔ جین ڈیچ ہمارے بچپن کو یادگار اور پرلطف بنانے پر آپ کا بہت شکریہ۔ ٹام اینڈ جیری اور پوپے کی صورت آپ کی تخلیق آنے والے نسلوں کی جانب سے بھی سراہی جاتی رہے گی۔‘
 

رویندرا نامی صارف نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’ٹام اینڈ جیری اور پوپے صرف کارٹونز نہیں بلکہ ہمارے دلوں میں خاص مقام رکھتے ہیں اور ایک بہترین یادداشت کے طور پر باقی رہیں گے، سب کچھ کے لیے شکریہ، آپ مس کیے جاتے رہیں گے۔‘
 

سوشل میڈیا پر فعال افراد ہی نہیں بلکہ سفارتی اکاؤنٹس سے بھی جین ڈیچ کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا رہا۔
امریکی سفارتخانے نے ٹام اینڈ جیری کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے پوچھا کہ کتنے لوگوں نے بچپن میں یہ دیکھے ہیں ساتھ ہی لکھا ’انہوں نے ہمیں پرعزم رہنا سکھایا، ٹام کبھی بھی جیری کو پکڑنے کی خواہش سے باز نہیں آئی تو جیری نے چھوٹا ہونے کے باوجود کبھی بھی کوئی لڑائی نہیں ہاری۔‘
 

آٹھ اگست 1924 کو شکاگو، امریکہ میں پیدا ہونے والے یوجین میرل ڈیچ السٹریٹر، اینیمیٹر، کامک آرٹسٹ اور فلم ڈائریکٹر رہے۔
انہوں نے نہ صرف مشہور کارٹون کردار منرو، ٹام ٹیریفک اور نوڈنک تخلیق کیے بلکہ پوپے اور ٹائم اینڈ جیری سیریز بھی پیش کی۔ 16 اپریل کو پراگ میں انتقال کرنے والے جین ڈیچ کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: