Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'جب ریستوران میں اے سی کی ہوا نے وائرس پھیلایا'

ایک تحقیق کے مطابق کورونا وائرس اے سی کی ہوا سے پھیل سکتا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
چین میں ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ کورونا وائرس ایئر کنڈیشنر (اے سی) کی ہوا کے ذریعے پھیل سکتا ہے۔ یہ تحقیق لاک ڈاؤن کے بعد کھلنے والے ریستورانوں کے کاروبار کے لیے مشکل پیدا کر سکتی ہے۔
نیویارک ٹائمز نے اس تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’رواں برس 24 جنوری کو ایک خاندان کے افراد چین کے شہر گوانگزو میں کھانا کھانے گئے تھے۔ تحقیق میں انہیں فیملی اے کا نام دیا گیا۔ یہ افراد اس وقت ووہان سے نکلے تھے، جسے چین میں کورونا وائرس کے پھیلاو کا مرکز مانا جاتا ہے۔
کھانے کے وقت ان پانچ افراد کی صحت ٹھیک تھی، تاہم بعد ازاں ان میں سے 63 سالہ خاتون کو بخار اور کھانسی ہوئی۔ ہسپتال لے جانے پر ان میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی۔ 
تحقیق کے مطابق دو ہفتوں کے اندر اندر دیگر نو افراد جنہوں نے اس دن اسی ریستوران میں کھانا کھایا تھا، کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔ ان میں سے چار متاثرہ خاتون کے رشتہ دار ہیں، جنہیں وائرس ریستوران کے باہر بھی لگنے کا امکان ہو سکتا ہے۔ 
تحقیق کے مطابق باقی پانچ افراد کو وائرس ریستوران ہی سے لگنے کے زیادہ امکانات ہیں۔ 
نیویارک ٹائمز کے مطابق فیملی اے کے قریب فیملی بی اور فیملی سی بھی تھیں۔ فیملی بی کے تین اور فیملی سی کے دو افراد بھی بیمار پڑے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فیملی سی کے قریب رکھے اے سی کی ہوا ان تینیوں خاندانوں کے افراد کو لگی تھی۔  چونکہ اس وقت کورونا وائرس ووہان سے باہر نہیں پھیلا تھا، چین میں متعلقہ حکام کو فیملی بی اور فیملی سی کی تفصیلات نکالنے اور یہ پتہ لگانے میں دیر نہیں لگی کہ انہیں وائرس ریستوران ہی سے لگا۔ 

اس تصویر میں ریستوران کے ٹیبلوں اور اے سی کی ہوا کا رُخ دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹو بشکریہ: نیویارک ٹائمز

محققین نے یہ بات واضح نہیں کی کہ اس ریستوران میں موجود باقی افراد، جنہیں وائرس نہیں لگا، تین متاثرہ خاندانوں سے تعلق رکھتے تھے یا نہیں۔ تاہم 73 افراد کو 14 دنوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا اور ان میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نظر نہیں آئیں۔
محققین نے اس تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ وائرس ہوا کے رُخ میں باقی افراد تک پھیلا۔ 

شیئر: