Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے باعث اسلام آباد میں مدرسہ سیل

مسجد کے امام کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے (فوٹو: ڈی سی آفس)
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث ایف سیون مرکز میں واقع مدرسہ باب الاسلام کو سیل کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مدرسہ باب الاسلام کے خطیب قائم علی شاہ کے والد دو دن پہلے انتقال کرگئے تھے، بعد میں ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ آیا جو مثبت تھا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق ٹیسٹ مثبت آنے پر متوفی کے بیٹے اور دیگر رابطے میں رہنے والے افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تو مدرسے میں رہائش پذیر سات افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ 
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ’ہم نے مدرسہ و مسجد سیل کر دیے ہیں اور اب ان افراد کو مدرسہ ہی میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ مدرسے کے مزید افراد کا بھی ٹسیٹ کیا جائے گا۔‘

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز

پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 17 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب  کہ 533  نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 ہلاکتیں ہوئی جس کے بعد اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 209 ہو گئی ہے۔
ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 533 نئے کیسز کے ساتھ نو ہزار 749 ہوگئی ہے۔ 
ملک بھر میں وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک دو ہزار 156 مریض اس مرض سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز  پنجاب میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
پنجاب میں اس وبا کے کل مریضوں کی تعداد چار ہزار 328 ہوگئی ہے۔ دوسرے نمبر پر سندھ ہے جہاں کورونا کے اب تک تین ہزار 53 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا کے سب سے زیادہ مریض پنجاب میں صحت یاب ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

خیبر پختونخوا سے ایک ہزار 345 ، بلوچستان سے چار سو 95, گلگت بلتستان سے 283، اسلام آباد سے ایک سو 94 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے 51 کیسز سامنے آئے ہیں۔
عالمی وبا سے پاکستان میں زیادہ ہلاکتیں اب تک خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 80 ہے، سندھ سے 66 پنجاب سے 51، بلوچستان سے چھ، گلگت بلتستان سے تین اور اسلام آباد سے تین ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
کورونا کے سب سے زیادہ مریض پنجاب میں صحت یاب ہوئے ہیں۔ پنجاب میں اب تک 742 ، سندھ میں 665، بلوچستان میں 167، گلگت بلتستان میں 198، اسلام آباد میں 23، اور خیبر پختونخواہ میں 335  مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: