Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جج کے سامنے وکیل بنیان میں پیش، عدالتی کارروائی معطل

انڈیا میں لاک ڈاؤن کے باعث تمام عدالتی کارروائیاں ویڈیو لنک کے ذریعے ہو رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی ریاست راجستھان کی ہائی کورٹ کے ایک وکیل آن لائن عدالتی کارروائی کے دوران بنیان پہنے جج کے سامنے پیش ہوئے تو عدالت کی جانب سے سماعت معطل کر دی گئی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ہائی کورٹ کے جج جسٹس سنجیو پرکاش شرما ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی کی سربراہی کر رہے تھے کہ ایک وکیل دلائل دینے پیش ہوئے تو انہوں نے یونیفارم کے بجائے بنیان پہن رکھی تھی۔
وکیل راوندرا کمار پالیول ملزم لال رام کے دفاع میں جسٹس سنجیو پرکاش شرما کی آن لائن عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
جسٹس سنجیو پرکاش یونیفارم کی خلاف ورزی پر اتنا برہم ہوئے کہ ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کا حکم جاری کرنے لگے تھے۔ تاہم پبلک پراسیکیوٹر کی درخواست پر ملزم کو سزا دینے کے بجائے سماعت 5 مئی تک معطل کر دی گئی۔
انڈیا میں جاری لاک ڈاؤن کے باعث تمام کاروباری مراکز اور دفاتر بند ہیں۔ ایسے میں عدالتیں بھی ضروری کیسز ویڈیو لنک کے ذریعے ہی نمٹا رہی ہیں۔
عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے سب عدالتی معاملات ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جاری ہیں، ایسے میں ضروری ہے درخواست گزار کے دفاع میں پیش ہونے والے وکلا یونیفارم میں ملبوس ہوں۔
اس سے پہلے بھی ایسا ہی ایک واقع پیش آیا تھا جس کے بعد ہائی کورٹ نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت تمام وکلا ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران بھی یونیفارم میں جج کے سامنے پیش ہونے کے پابند ہوں گے۔

شیئر: